پرائیویٹائزیشن کمیشن نے پی آئی اے سمیت 3 اداروں کی نج کاری کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  بدھ 8 جنوری 2014
پی آئی اے کے 26 فیصد حصص فروخے کئے جائیں گے، نجکاری کمیشن۔ فوٹو:فائل

پی آئی اے کے 26 فیصد حصص فروخے کئے جائیں گے، نجکاری کمیشن۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: پرائیویٹائزیشن کمیشن نے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے سمیت اہم اداروں کی نجکاری کی منظوری دے دی ہے۔

نج کاری کمیشن کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلایئے کے مطابق چیرمین محمد زبیر کی سربراہی میں نج کاری کمیشن کا اجلاس ہوا  جس میں بورڈ کے نامزد ارکان اور سیکرٹری نج کاری بھی شریک ہوئے، اجلاس میں نج کاری کمیشن کے ارکان نے قومی فضائی کمپنی کے 26 فیصد حصص کی فروخت کے علاوہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ کی نج کاری کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ نج کاری کی وجہ سے ان تمام اداروں کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد میں نج کاری کمیشن کے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں  پاکستان اسٹیل ملز، آئیسکو، فیسکو، مظفر گڑھ تھرمل پاور اسٹیشن اور نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کے نصف جبکہ  پی آئی اے اور پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹڈ کے 25 فیصد یا اس سے زیادہ شیئرز کی فروخت سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت کو پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے 5 فیصد، او جی ڈی سی ایل، الائیڈ بینک اور یو بی ایل کے 10،10 فیصد اور حبیب بنک لمیٹڈ کے 20 فیصد شیئرز کی فروخت سے 175 ارب روپے حاصل ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ قواعد کے مطابق کمیشن کی جانب سے کئے گئے فیصلوں کی توثیق کابینہ کی نجکاری کمیٹی کرتی ہے جس کے بعد اداروں کی فروخت کا عمل شروع ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔