فنڈز کی فراہمی میں رکاوٹ سے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہوئی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 24 اپريل 2014
غیر قانونی سائن بورڈز کو اتارنے کی باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، شرجیل میمن۔  فوٹو: فائل

غیر قانونی سائن بورڈز کو اتارنے کی باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

کراچی: صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے آج گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبائی وزیر نے شہری اور دیہی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فنڈز کی بر وقت فراہمی میں رکاوٹوں سے کئی منصوبوںکی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے جس کے سدباب کے لیے متعلقہ محکموں میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے،انھوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ضلعی میونسپل انتظامیہ کے تحت صفائی ستھرائی کے کاموں میں تسلسل پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے بہتری آئی ہے اس سلسلے میں مزید بہتری کی گنجائش ہے جس کی کوشش جاری ہے،اس موقع پرگورنر نے کہا کہ میگا پروجیکٹس کی تکمیل جلد از جلد مکمل کی جائے اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

دریں اثناء سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہر میں سڑکوں کے درمیان اور اطراف میں لگائے گئے تمام غیر قانونی اور غیر ضروری بل بورڈز اور سائین بورڈز کو اتارنے کی باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، مارکیٹنگ کرنے والی اشتہاری کمپنیاں شہر کو اشتہارات کا شہر بنانے سے گریز کریں، سندھ حکومے نے بارشوں سے قبل ہی ایڈوانس میں تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت پر پیپلز پارٹی میں کسی کو کوئی اختلاف نہیں،متحدہ کی حکومت میں شمولیت سے امن و امان کی صورت حال سمیت عوام کو ریلیف ملے گا ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کلفٹن پر واقع ڈولمین شاپنگ سینٹر اور اطراف میں لگے ہوئے غیر قانونی اور غیر ضروری بل بورڈز اور سائین بورڈز کو اپنی نگرانی میںہٹائے جانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔