بجٹ میں پولٹری فیڈ پر ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان

ارشاد انصاری  ہفتہ 31 مئ 2014
بیرون ملک کیلیے ایئرٹکٹ پرایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 10اور سروسز پر 6سے 9 فیصدکرنے پربھی غور، ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ مزید سخت کرنے کا فیصلہ ۔ فوٹو:فائل

بیرون ملک کیلیے ایئرٹکٹ پرایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 10اور سروسز پر 6سے 9 فیصدکرنے پربھی غور، ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ مزید سخت کرنے کا فیصلہ ۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ میں ٹیکس دہندگان کو دی جانے والی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اوربیرون ملک سفر کے لیے ایئرٹکٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 10فیصد جبکہ سروسز پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں 3 فیصد اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ساتھ ہی پولٹری فیڈ پر ٹیکس عائد کیے جانے کی بھی توقع ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ذرائع نے بتایا کہ بجٹ میں ٹیکس دہندگان کو دی جانے والی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت 2 آپشن دیے گئے ہیں، پہلے آپشن میں کہا گیاکہ ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کو 90 فیصد تک محدود کیا جائے اور کسی بھی شعبے کواس سے زیادہ ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ نہ دی جائے۔

دوسرا آپشن یہ ہے کہ 50 فیصد سے زیادہ ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ نہ دی جائے اور اگر دی جائے تو اس کے لیے آڈٹ کو لازمی قرار دیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پولٹری فیڈ پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، اس کے علاوہ سروسز پر عائد6 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو بڑھا کر 9 فیصد کیے جانے کا امکان ہے جبکہ بیرون ملک سفر کے لیے ایئر ٹکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھا کر 10 فیصد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔