اسرائیل کا غزہ میں پناہ گزین کیمپ پرحملے میں 15 فلسطینی شہید، شہادتوں کی تعداد 735 سے تجاوز کرگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جولائی 2014
جنگ بندی کے کسی بھی ایسے معاہدے کو تسلیم نہیں کریں گے جس میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی بات نہ کی گئی ہو، حماس۔ فوٹو؛ فائل

جنگ بندی کے کسی بھی ایسے معاہدے کو تسلیم نہیں کریں گے جس میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی بات نہ کی گئی ہو، حماس۔ فوٹو؛ فائل

غزہ: اسرائیل کی غزہ میں درندگی مسلسل 17 ویں روز بھی جاری ہے اور تازہ کارروائی میں صیہونی فوج نے متاثرین کے لئے قائم کردہ اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ آج  اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے بیت الحنون میں اسکول میں واقع اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور معصوم بچوں سمیت 15 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے، بمباری کے  بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو بیت الحنون اور ملحقہ علاقوں کے اسپتالوں میں منتقل کردیا۔

اس سے قبل اسرائیلی ٹینکوں نے علی الصبح غزہ میں ٹینکوں کی مدد سے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 18 فلسطینی شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے، صیہونی فوج نے خان یونس کے علاقے میں بھی شدید بمباری کی  ۔ صیہونی افواج کی جانب سے 17 روز سے جاری بمباری کے نتیجے میں اب تک  شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 739 ہوگئی۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی کارروائی میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

ادھرامریکی وزیر خارجہ جان کیری اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لئے اسرائیلی حکام سے ملاقات کے بعد مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں جہاں پر وہ ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لئے مصری حکام سے بات چیت کریں گے۔ دوسری جانب ایک امریکی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ باوجود کوششوں کے اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ اس ہفتے کے آخر تک دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی ہو جائے گی۔

دوسری جانب حماس کے سربراہ خالد مشعل کا کہنا تھا کہ ہمیں صیہونی افواج کے خلاف کامیابیاں مل رہی ہے اور حماس کے کارکنوں کی کارروائی میں اسرائیلی فوجیوں کی بھی بڑی تعداد ہلاک ہوئی ہے جب کہ صیہونی فوج عام شہریوں کو شہید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ایک ہی صورت میں جنگ بندی ممکن ہے کہ جب تک صیہونی افواج غزہ کے 18 لاکھ نہتے فلسطینیوں کا محاصرہ ختم نہیں کرتی اور ہم جنگ بندی کے کسی بھی ایسے معاہدے کو تسلیم نہیں کریں گے جس میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی بات نہ کی گئی ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔