صدر سے ہلیری کی ملاقات امریکا گستاخانہ فلم پر فوری کارروائی کرے ، آصف زرداری

مانیٹرنگ ڈیسک / خبر ایجنسیاں  منگل 25 ستمبر 2012
 نیویارک:صدر آصف زرداری ،وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات کے موقع پرپاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے مصافحہ کررہے ہیں فوٹو : ایکسپریس

نیویارک:صدر آصف زرداری ،وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات کے موقع پرپاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے مصافحہ کررہے ہیں فوٹو : ایکسپریس

نیو یارک: صدرآصف زرداری نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے کہاہے کہ گستاخانہ فلم پر پاکستانی عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

امریکااس بات کا احساس کرے اور اس واقعے پر فوری ایکشن لے،اظہاررائے کے نام پرکسی کوعالمی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستان امریکاسے امداد کے بجائے تجارت کوترجیح دیتا ہے۔

ہلیری کلنٹن نے یہاں صدر زرداری سے ملاقات کی جس میں صدرنے گستاخانہ امریکی فلم کی مذمت کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کو پاکستانیوں کے جذبات سے آگاہ کیا۔

انھوں نے کہا ٹیکسٹائل اور دیگر پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے، پاکستان امداد کے بجائے تجارت کو ترجیح دیتا ہے۔ صدر زرداری اور ہلیری کلنٹن کی ملاقات میں پاک، امریکاتعلقات کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اے ایف پی کے مطابق کے ہلیری کلنٹن نے صدر زرداری کو ’’میرے دوست‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور پاکستان کیلیے نئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے بھی ملوایا۔ ہلیری کلنٹن نے امریکاکے خلاف پرتشدد مظاہرے کنٹرول کرنے پر صدر زرداری کا شکریہ ادا کیا، صدرنے کہا کہ یہ ہم سب کیلیے ایک مشکل وقت تھا۔

وزیر خارجہ حنا ربانی، امریکامیں پاکستانی سفیر شیری رحمٰن، سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، اسفند یار ولی، فاروق ستار،مصطفی نوازکھوکھر اور مارک گراسمین بھی ملاقات میں شریک تھے۔ قبل ازیں صدر زرداری نیویارک پہنچے تو ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ صدر زرداری آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 67 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔

جس میں وہ گستاخانہ فلم پر پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کریںگے۔ اس کے علاوہ وہ امن و سلامتی کے فروغ میں عالمی برادری کودرپیش مشکلات اورمذہبی ہم آہنگی کیلیے پاکستان کے نقطہ نظرکی وضاحت کریں گے،صدر ایسا قانون وضع کرنے پر زور دیں گے جس کے ذریعے مذہبی دل آزاری کے واقعات روکے جا سکیں۔ صدر زرداری برطانوی وزیر اعظم، افغان صدرحامد کرزئی اور چینی وزریر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

جن میں افغان مسئلے کے مستقل حل پر بات چیت کی جائے گی۔ ثنانیوز کے مطابق صدرجنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران گستاخانہ فلم پر قرارداد مذمت پیش کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان معظم خان نے بتایا کہ صدر توہین رسالت کو بین الاقوامی سطح پر جرم قرار دینے کا مطالبہ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔