نوازشریف اپنے اور بچوں کے اثاثے ظاہر کردیں تو دھرنا ختم کردوں گا، عمران خان

ویب ڈیسک  پير 20 اکتوبر 2014
بجلی مہنگی کرنے کے خلاف بدھ کو ہر اضلاع میں احتجاج کریں گے۔ ،
عمران خان۔ فوٹو: فائل

بجلی مہنگی کرنے کے خلاف بدھ کو ہر اضلاع میں احتجاج کریں گے۔ ، عمران خان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف اپنے اور بچوں کے اثاثے ظاہر کردیں تو دھرنا ختم کردوں گا جب کہ  بجلی مہنگی کرنے کے خلاف بدھ کو ہر اضلاع میں احتجاج کریں گے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک پر 400 خاندانوں کا قبضہ ہے، جسے اردو نہیں آتی اسے پوری پارٹی وصیت میں مل گئی جبکہ بلاول اپنے والد اور نوازشریف کےاثاثے ظاہر کروادیں انہیں لیڈر مان لوں گا اور اگر انہوں  نے یہ کام نہیں کیا تو پھر مجھے ہی کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف سن لیں اب یہ جن بوتل سے نکل آیا ہے جو واپس نہیں جائے گا، نوازشریف جتنا کچھ کریں گے میں انہیں عوام کے سامنے اتنا ہی بے نقاب کروں گا جبکہ وہ اپنے اور بچوں کے اثاثے ظاہر کردیں دھرنا ختم کردوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے ایک جلسے پر جتنا پیسہ خرچ کیا ہم اتنے میں 3سال تک دھرنا کرسکتے ہیں،حکمرانوں نے قرضے لے کر ملک کے مستقبل کو مقروض کردیا ہے، ہم ان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لیں گے، ہم ہر اس شخص کے ساتھ ہیں جو کرپٹ لوگوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ بجلی مہنگی اور اس کی اوور بلنگ کی گئی، غریب لوگ مہنگی بجلی کے ذریعے حکمرانوں کی چوری کی قیمت ادا کرتے ہیں جب کہ  بجلی مہنگی کرنے کے خلاف بدھ کو ہر اضلاع میں احتجاج کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔