سندھ کی 3 بڑی جیلوں کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 دسمبر 2014
فوجی دستوں نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں،
 آئی ایس پی آر۔ فوٹو؛ فائل

فوجی دستوں نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں، آئی ایس پی آر۔ فوٹو؛ فائل

راولپنڈی: پاک فوج نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری اپنے ذمہ لے لی جہاں سزائے موت کے منتظر قیدیوں سمیت خطرناک دہشتگرد قید ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سینٹرل جیل کراچی، حیدرآباد اور سکھر پر فوج کو تعینات کردیا گیا ہے جب کہ فوجی دستوں نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں اور تینوں جیلوں کے اطراف سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی تینوں بڑی جیلوں میں سزائے موت کے 26 قیدی موجود ہیں تاہم دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر تینوں جیلوں کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فوجی ہیڈکوارٹر، سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ اور سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث 2 مجرموں کو پھانسی دی گئی ہے جس کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے کسی بھی جیل پر کارروائی کرنے کا خدشہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔