وزیراعلی پنجاب نے سرکاری اسکولوں کو سولرپرمنتقل کرنے کے منصوبے کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
متعلقہ محكموں  كے سيكرٹريز،فنانشل،مائيكروفنانس اوربينك آف پنجاب كے ماہرين پرمشتمل كميٹی 10روز میں سفارشات پيش كرے گی۔ فوٹو: فائل

متعلقہ محكموں كے سيكرٹريز،فنانشل،مائيكروفنانس اوربينك آف پنجاب كے ماہرين پرمشتمل كميٹی 10روز میں سفارشات پيش كرے گی۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزيراعلی پنجاب شہبازشريف  نے  سرکاری اسكولوں  كو مرحلہ وارآف گرڈسولر سليوشن پروگرام كے تحت سولرپرمنتقل كرنے كے منصوبے كی منظوری دے دی۔

وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے ميں  پنجاب كے ديہی علاقوں  كے چار ہزار سے زائد پرائمری اسكولوں  كوسولر پر منتقل كيا جائے گااوراس ضمن ميں  پرائمری ا سكولوں  ميں  سولر پينل لگانے كا پروگرام بنايا گيا ہے۔سولر پينل سے پرائمر اسكولوں  ميں  بجلی كی بلاتعطل فراہمی يقينی بنائی جاسكے گی۔وزيراعلی نے ہدايت كی كہ پہلے مرحلے ميں ا سكولوں  كوسولر پر منتقل كرنے كے حوالے سے تيزرفتاری سے فوری اقدامات اٹھائے جائيں اور ديگر اسكولوں ميں  بھی مرحلہ وار پروگرام كے تحت آف گرڈ سولر سليوشن متعارف كرانے كيلئے جامع منصوبہ مرتب كياجائے اوراس ضمن ميں  ميڈيم اورلانگ ٹرم پلاننگ كي جائے۔

وزیراعلی پنجاب نے كہا كہ كم آمدن والے خاندانوں  كو سولر ہوم سليوشن كی فراہمی كے حوالے سے قابل عمل پروگرام وضع كيا جائے ، بنيادی مراكز صحت اورزرعی ٹيوب ويلوں  كو سولر پرمنتقل كرنے كے حوالے سے قابل عمل منصوبہ مرتب كر كے پيش كيا جائے ۔ وزيراعليٰ نے ہدايت كی كہ ديہی علاقوں  كوبائيوگيس اورسولرسے توانائی كی فراہمی كيلئے پائلٹ پراجيكٹ تياركيا جائے۔ بائيوگيس اور سولر سے توانائی كے حصول كے حوالے سے فنانشل ماڈل بنايا جائے ۔ انہوں نے گرڈ سولر سليوشنز كے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب كرنے كيلئے كميٹی تشكيل دينے كی ہدايت كرتے ہوئے كہا كہ متعلقہ محكموں  كے سيكرٹريز، فنانشل، ٹيكنيكل، مائيكروفنانس اوربينك آف پنجاب كے ماہرين پر مشتمل كميٹی 10روز كے اندر سفارشات پيش كرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔