ورلڈ کپ میں واکا کی تیز پچ افغان ٹیم کے ہوش اڑانے لگی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 4 مارچ 2015
کینگروز نیوزی لینڈ سے شکست کا غصہ افغان ٹیم پر نکالیں گے. فوٹو: فائل

کینگروز نیوزی لینڈ سے شکست کا غصہ افغان ٹیم پر نکالیں گے. فوٹو: فائل

پرتھ: ورلڈ کپ کے پول اے میں بدھ کو آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان پرتھ میں مقابلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ابھی تک ورلڈ کپ میں صرف ایک کامیابی حاصل کی جب پہلے میچ میں انگلینڈ کو زیر کیا تھا،  بنگلہ دیش سے مقابلہ بارش کی نذر ہونے کے باعث ٹیم ایک قیمتی پوائنٹ سے محروم رہی، پھر ورلڈ کپ کے شریک میزبان نیوزی لینڈ نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں شکست دیدی، کینگروز کیلیے اب باقی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگیا، اس لیے وہ پہلا ورلڈ کپ کھیلنے والی افغانستان کی ٹیم سے بھی کوئی رعایت برتنے کو تیار نہیں، پوری قوت سے نوآموز ٹیم پر حملہ کیا جائے گا۔

فاسٹ بولرپیٹ کمنز سائیڈ اسٹرین انجری کی وجہ سے باہر ہو گئے،ان کی جگہ جوش ہیزل ووڈ میدان سنبھالیں گے، جیمز فالکنر اگرچہ فٹ ہوچکے لیکن انھیں کھلانے کا  فیصلہ نہیں ہوا۔ اسٹیون اسمتھ کو نیٹ پریکٹس کے دوران اسپنر کی گیند ہاتھ پر لگی مگر انھوں نے بیٹنگ جاری رکھی، کپتان کلارک کا کہنا ہے کہ اسمتھ کی چوٹ شدید نہیں اور وہ میدان میں اترینگے۔

دوسری جانب افغانستان وہی الیون برقرار رکھے گا جس نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ایک وکٹ سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی،اس سے قبل اس نے بنگلہ دیش اور خاص طور پر سری لنکا کا ڈٹ کا سامنا کیا تاہم اب واکا کی فاسٹ پچ کسی آزمائش سے کم نہیں ہوگی، یہاں دنیا کے انتہائی خطرناک اٹیک کا سامنا درپیش ہے۔

کپتان محمد نبی نے کہا کہ ہم اپنے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث یو اے ای میں کھیلتے ہیں، جہاں کی کنڈیشنز آسٹریلیا کے مقابلے میں کافی مختلف ہیں، ہم ایسی کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی نہیں، اس وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر ہم اپنے کھیل میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔