کراچی سمیت ملک بھر میں نئے صوبے بنائے جائیں، الطاف حسین

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 25 اپريل 2015
وزیراعظم انصاف نہیں دے سکتے تو وزارت عظمیٰ کو لات مار دیں،الطاف حسین  فوٹو: فائل

وزیراعظم انصاف نہیں دے سکتے تو وزارت عظمیٰ کو لات مار دیں،الطاف حسین فوٹو: فائل

 کراچی:  ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں نئے صوبے بنائے جائیں، صولت مرزا کی چلائی ہوئی فلم فلاپ ہوگئی ہے۔

جناح گراؤنڈ کراچی میں جشن فتح سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پولنگ میں دو گھنٹے کا وقت بڑھا دیا جاتا تو ایم کیو ایم ڈھائی لاکھ ووٹ لیتی۔ ایم کیو ایم آج بھی فوج کے ساتھ مل کرملک دشمنوں سے لڑنے کیلیے تیار ہیں۔ ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی پر پارٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کارکنوں نے رکاوٹوں کے باوجود جرات سے کام لیا۔ صولت مرزا کی چلائی ہوئی فلم فلاپ ہو گئی، اس کی فلم چلانے والوں کے ہی خلاف ہوگئی۔ صولت مرزا نے ایم کیو ایم پر جھوٹے الزامات لگائے، ووٹروں نے جمعرات کے روز ایم کیو ایم کو تمام الزامات سے بری کردیا ہے۔

قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ این اے 246 میں متعدد پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔ پوری دنیا میں قانون ہے کہ پولنگ تاخیر سے شروع ہونے پر وقت بڑھایا جاتا ہے، پولنگ ختم ہونے پر50 فیصد لوگ لائن میں لگے تھے، ہم چلا چلا کر تھک گئے کہ پولنگ کا وقت بڑھایا جائے لیکن نہیں سنا گیا، پی ٹی آئی نے کہا کہ پولنگ ٹائم نہ بڑھایا جائے ، متحدہ چھکے لگا رہی ہے۔ جماعت اسلامی کی تو ضمانت ضبط ہو گئی ۔

الطاف حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے کہنا فضول ہے کہ انصاف دلائیں، قائم علی شاہ کو الٹا سنائی دیتا ہے، وہ نوٹس لے کر اپنی بک میں لکھ لیتے ہیں، وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں لکھتے کچھ اور پڑھتے کچھ ہیں ۔ نواز شریف کوکارو بار خوب آتا ہے، وہ اربوں کھربوں کا کاروبار کر رہے ہیں اور وزیراعظم بھی ہیں، وزیراعظم انصاف نہیں دے سکتے تو وزارت عظمیٰ کو لات مار دیں۔ وزیراعظم صاحب! معاملات کو نوٹس لیں یا استعفیٰ دیں۔ انصاف سے کام نہ لیا تو نواز شریف بھی گانے گاتے پھریں گے، وہ اسٹیبلشمنٹ سے کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے ساتھ بلاجواز لڑائی ختم کرے، ایم کیو ایم کو ملک کی معزز اور محب وطن جماعت تسلیم کیا جائے۔ انھوں نے تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی سے کہا کہ وہ آگے بڑھیں اور ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں سرائیکی، ہزار سمیت پنجاب اور سندھ میں بھی نئے صوبے بنائے جائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔