پاکستانی عوام اورحکومت کی مہمان نوازی کوکبھی نہیں بھلا سکتا، امام کعبہ

ویب ڈیسک  اتوار 26 اپريل 2015
پاکستانی عوام اور حکومت کی مہمان نوازی کو نہیں بھلا سکتا، امام کعبہ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز۔

پاکستانی عوام اور حکومت کی مہمان نوازی کو نہیں بھلا سکتا، امام کعبہ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز۔

لاہور: امام کعبہ شیخ خالد الغامدی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت قریبی تعلقات ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امام کعبہ شیخ خالد الغامدی وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت قریبی تعلقات ہیں، پاکستان مذہبی تعلیم کا مرکز ہے اور اپنے دورے کے دوران پاکستانی عوام اور حکومت کی مہمان نوازی کو نہیں بھلا سکتے۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے مختلف مکاتب فکر کے علما سے بھی ملاقات کی اور مسلم امہ کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ امام کعبہ کی آمد ہمارے لیے باعث فخر اور خیرو برکت ہے، ہر پاکستانی امام کعبہ کے لئے دیدہ دل فرش راہ کئے ہوئے ہے، وہ درخواست کرتے ہیں کہ امام کعبہ پاکستان آمد کا سلسلہ جاری رکھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب سے روحانی اور برادرانہ رشتہ ہے، سعودی عرب نے اچھے اور برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ہم سعودی عرب کو دوسرا نہیں بلکہ اپنا گھر سمجھتے ہیں، ہمارے دل میں سعودی عرب کا جواحترام ہے وہ الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، وزیراعظم نواز شریف نے 3 روز قبل سعودی عرب کا دورہ کیا اور اہم ملاقاتیں کیں اور اس دوران ان کے استقبال کو دنیا نے دیکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔