پی ٹی آئی ابھی منظم پارٹی نہیں بنی، عمران خان

نمائندہ ایکسپریس  پير 27 اپريل 2015
 ہم نہ ہوتے تو(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی 30سال تک باریاں لیتے رہتے، عمران خان۔ فوٹو: ایکسپریس

ہم نہ ہوتے تو(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی 30سال تک باریاں لیتے رہتے، عمران خان۔ فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ابھی منظم پارٹی نہیں بن سکی، معلوم ہوتا ہے کہ رواں سال ہی عام انتخابات ہوں گے جس کے بعد تحریک انصاف اپنی حکومت بنائے گی، کنٹونمنٹ انتخابات میں تحریک انصاف قومی پارٹی بن کر ابھری ہے۔

اتوار کو کورنگ نالہ کی صفائی مہم اور یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اگر تحریک انصاف میدان میں نہ آتی تو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی آئندہ 30 سال تک باریاں لیتے رہتے، تحریک انصاف ملک سے اسٹیٹس کو توڑنے کیلیے میدان میں اتری ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات منصفانہ ہوتے تو تحریک انصاف حکومت بناتی، جوڈیشل کمشن کے نتائج سامنے آنے پر معلوم ہوتا ہے کہ رواں سال انتخابات کاسال ہوگا جس میں تحریک انصاف ہی آئندہ حکومت بنائے گی۔

انھوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ملک کو لوٹا ہے جس سے لوگ غریب اور وہ خود امیر ہوئے، حکمراں اپنی تجوریاں بھرنے پر توجہ دے رہے ہیں، اگر نواز شریف بنی گالہ میرے گھر نہ آتے تو آج بنی گالہ کی سڑک تعمیرنہ ہوتی، سارا ملک حکومت کی توجہ مانگ رہا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے آپ کو احتساب سے بچانے کیلیے اپنا بندہ نیب میں لگایا ہے، دونوں پارٹیوں نے مک مکا کیاہوا ہے، ملک کے ہر ایک شہری پر ایک لاکھ روپے فی کس قرضہ ہے، 2 کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں جبکہ 9 کروڑ لوگوں کو 2 وقت کا کھانا میسر نہیں، 80 ہزار پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مارے گئے۔

انھوں نے کہاکہ یمن کے معاملے میں غیر جانب دار رہنے پر ہمیں دھمکیاں ملیں، بزدل انسان لیڈر نہیں بن سکتا، مجھے این اے 246 میں الیکشن لڑنے پر خوشی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنا امیدوار سامنے نہیں لاسکیں، مجھے عمران اسماعیل پر فخر ہے جس نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ دریں اثنا عمران خان نے پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس 29 اپریل کو طلب کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔