امریکا کا "قواسی موڈو" دنیا کا بدصورت ترین کتا قرار

ویب ڈیسک  پير 29 جون 2015
قواسی موڈو مجسم بدصورتی کا پیکر ہے، ججوں کی رائے :فوٹو فائل

قواسی موڈو مجسم بدصورتی کا پیکر ہے، ججوں کی رائے :فوٹو فائل

واشنگٹن: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دنیا کے بدصورت ترین کتوں کا مقابلہ ’’قواسی موڈو‘‘ نامی کتیا نے اپنے نام کرلیا۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پیٹالوما میں دنیا کے بدصورت ترین کتوں کا سالانہ مقابلہ منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے 26 عجیب الخلقت کتوں نے شرکت کی۔ مقابلے میں بدصورت ترین کتے کے انتخاب کے لئے کتے کو دیکھتے ہی پیدا ہونے والا پہلا تاثر، اس کی غیر معمولی خصوصیات و قدرتی بد صورتی اورمقابلے میں موجود تماشائیوں کے رد عمل بنیاد بنایا گیا۔ ان قواعد کی رو سے مقابلے کے جج صاحبان نے پٹ بل شیفر نسل کی ’قواسی موڈو‘ نامی کتیا کو دنیا کے بد صورت ترین کتا قرار دیتے ہوئے اسے 1500 ڈالر کا انعام دیا گیا۔

’قواسی موڈو‘ کی مالکن ڈاکٹر ورجینیا سائرکا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ ’قواسی موڈو’ کو نو سال پہلے کتوں کے ایک شیلٹر ہوم سے لائی تھیں، اس وقت انہوں نے اس کی آنکھوں میں ایک خاص چمک دیکھی تھی جس کی وجہ سے وہ اسے اپنے گھر لے آئی تب سے وہ ان ہی کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’قواسی موڈو‘ ایک پیار کرنے والا جانورہے اور ہرایک کے ساتھ کھیلنا چاہتی ہے لیکن اس کی شکل اتنی ڈراؤنی ہے کہ بعض اوقات بالغ مرد بھی اسے دیکھ کر دورہوجاتے ہیں۔

واضح رہے کہ محض تفریح کی غرض سے یہ مزاحیہ مقابلہ 1970 کے عشرے سے منعقد کیا جارہا ہے، گزشتہ سال اس مقابلے میں پہلا انعام پی نٹ نامی ایک کتے کو دیا تھا جس کا جسم جلا ہوا تھا اوردانت آگے کو نکلے ہوئے تھےجبکہ آنکھیں بغیرپلکوں کی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔