آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 اگست 2015

مری: آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل انتقال کرگئے۔ حمید گل کی صاحبزادی عظمیٰ گل کے مطابق وہ کچھ عرصے سے سردرد کی تکلیف میں مبتلا تھے اور آج رات طبیعت ناساز ہونے پر انہیں مری کے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا۔ عظمیٰ گل کا کہنا تھا کہ حمید گل کو برین ہیمبرج کا عارضہ لاحق تھا اور اسپتال منتقل کرنے پر ان کی حالت تشویشناک ہوگئی جہاں وہ انتقال کرگئے۔

حمید گل کے خاندانی ذرائع کے مطابق ان کے 2 صاحبزادے ترکی اور آسٹریلیا میں موجود ہیں اور ان کی وطن واپسی کے بعد آج  بعد نماز عصر ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل 20 نومبر 1936 کو پنجاب کے شہر سرگودھا میں پیدا ہوئے انہوں نے 1956 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، حمید گل نے 1965 اور 71ء کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل 1987 سے 1989 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس کے طور پر بھی خدمات انجام دیں جب کہ حمید گل 1989 سے 1991 تک کور کمانڈر ملتان رہے اور 1992 میں پاک فوج سے ریٹائر ہوئے انہیں ستارہ بصالت اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، چیرمین تحریک انصاف عمران خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مسلم لیگ (ق) کے صدرچوہدری شجاعت، پرویزالٰہی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے حمید گل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے اور مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔