پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا سالانہ پیداواری ہدف پورا کرلیا

ویب ڈیسک  پير 28 دسمبر 2015

کامرہ: پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار ہونے والے شاہکار جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا سالانہ پیداواری ہدف پورا کر لیا ہے۔

جے ایف 17 تھنڈر کا 2015 کا ہدف مکمل ہونے سے متعلق تقریب پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں منعقد ہوئی جس میں بتایا گیا کہ پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا سالانہ پیداواری ہدف مکمل کر لیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان ایئر و ناٹیکل کمپلیکس نے رواں برس 16 جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان ایئر فورس کے حوالے کئے، پاکستان ایئر فورس سالانہ 16 طیارے مقامی طور پر تیار کر رہی ہے۔ اس کےعلاوہ تقریب میں نئے سال سے ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کی پیدواری گنجائش بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا سالانہ ہدف مکمل کرنے پر ایئرو ناٹیکل کمپلکس کے انجینئرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے پہلے ملکی دفاعی ضروریات پوری کی جائیں گی، ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے بعد جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کو دوسرے ممالک کو فروخت کیا جائے گا۔ جے ایف 17 تھنڈر طیارے ایکسپورٹ کرنے کے لئے کچھ ممالک سے بات چیت آخری مراحل میں ہے۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کو مقامی سطح پر پورا کرنے کی جانب تیزی سے گامزن ہے، آئندہ برس 25 جے ایف 17 تھنڈر طیارے ملکی سطح پر تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔