پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016
مستقبل بھی پی ٹی آئی کے ساتھ چل سکتے ہیں کیونکہ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

مستقبل بھی پی ٹی آئی کے ساتھ چل سکتے ہیں کیونکہ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

سکھر: قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور مستقبل میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ چل سکتے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کے 3 مطالبات ہیں جن میں پہلا مطالبہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن کو اختیارات دیے جائیں، دوسرا مشترکہ ٹی او آر طے کیے جائیں جب کہ تیسرا مطالبہ پانامالیکس کا فارنزک آڈٹ ہے اور ان تین مطالبات کےعلاوہ اپوزیشن کسی چیزکو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور مستقبل بھی پی ٹی آئی کے ساتھ چل سکتے ہیں کیونکہ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف سے استعفے کا جو مطالبہ کیا وہی مطالبہ میرا ہے کیونکہ نواز شریف نے یوسف رضاگیلانی سے استعفا مانگا تھا لہٰذا اخلاقی طور پر اب نوازشریف کو بھی استعفا دے دینا چاہیے جب کہ ان پر استعفے کے لیے مزید دباؤ بڑھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔