وزیراعظم کی بنوں آمد پرتعلیمی اداروں کی بندش پرعمران خان برہم

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2016

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ تعلیم و تربیت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،سیاست کے لئے طلبا کو تعلیم سے محروم کرنے کا کلچر ختم کرنے کی ضرورت ہے.

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم کی بنوں آمد کے موقع پر تعلیمی اداروں کی بندش پرشدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تعلیم و تربیت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی پی سی آئی شخص کے دورے کے موقع پر تعلیمی ادارے بند نہ کئے جائیں،خیبرپختونخوا سے اس بدترین رسم کے خاتمے کا آغاز کریں گے جب کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پرکسی قسم کی قدغن برداشت نہیں کریں گے۔

دوسری جانب پشاور میں یوتھ گیمزکی  افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیل انسان کو مقابلہ کرنا سکھاتا ہے سیاست میں آنا بھی ایک مقابلہ ہے اورمیں نے  20 سالہ سیاست کے اس مقابلے میں نہ ہار مانی ہے اور نہ آئندہ کبھی مانوں گا، اچھا کھلاڑی ہار سے ڈرتا نہیں بلکہ خامیاں دور کرکے نئی قوت اور جذبے کے ساتھ سامنے آتا ہے اور آپ کو پتہ ہے کہ میرا مقابلہ کس کے ساتھ ہے، ہرچیمپئن پر برا وقت بھی آتا ہے اور وہ ہارتا بھی ہے لیکن ہارکے بعد اپنا جائزہ لینا چاہئے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پرخرچ کیا گیا جب کہ وزیراعظم مانسہرہ میں آئے تو کالج یونیورسٹی بند کردئے گئے اور آج بنوں میں بھی تعلیمی ادارے بند کئے گئے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور جن لوگوں نے تعلیمی ادارے بند کئے ان کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔