پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

ویب ڈیسک  پير 23 مئ 2016
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات. فوٹو: فائل

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں کہیں بارش اور کہیں ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کی لہر کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں کے ساتھ  موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ لاہور میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ، مرید کے، کامونکی اور کالا شاہ کاکو میں بادل  خوب برسے جب کہ شیخوپورہ اور کالا شاہ کاکو میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں بھی پشاور اور سوات میں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا جب کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں آندھی چلے گی جب کہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ڈی آئی خان، بنوں، ملتان، ڈی جی خان، کوئٹہ، ژوب، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بارش ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔