پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران تیل و گیس کا دوسرا بڑا ذخیرہ دریافت

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جولائی 2016
 کنویں سے روزانہ 290 بیرل خام تیل اور 43 لاکھ معیاری مکعب فٹ قدرتی گیس یومیہ حاصل کی جاسکے گی،او جی ڈی سی ایل۔فوٹو: فائل

کنویں سے روزانہ 290 بیرل خام تیل اور 43 لاکھ معیاری مکعب فٹ قدرتی گیس یومیہ حاصل کی جاسکے گی،او جی ڈی سی ایل۔فوٹو: فائل

کراچی: آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)   نے صرف ایک ہفتے کے دوران سندھ میں تیل اور گیس کا دوسرا بڑا ذخیرہ دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ مذکورہ دریافت صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں کھودے گئے آزمائشی کنویں ’’بِٹ رِزم ویسٹ زیرو ون اے‘‘ سے ہوئی جب کہ  او جی ڈی سی ایل کے سیکریٹری احمد حیات لک نے بتایا کہ اس کنویں سے روزانہ 290 بیرل خام تیل اور 43 لاکھ معیاری مکعب فٹ قدرتی گیس یومیہ حاصل کی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیربرائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے اجلاس میں بتایا تھا کہ تیل و گیس کے 4 ذخائر صوبہ سندھ اور 2 صوبہ خیبر پختونخوا میں دریافت ہوئے ہیں اور دریافت کی رو سے خیبرپختونخوا سے 31.6 ملین کیوبک فٹ گیس اور 339 بیرل روزانہ تیل نکالا جائے گا جب کہ سندھ سے 2,020 بیرل تیل روزانہ اور 18.5 ملین کیوبک فٹ گیس ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔