عمران خان سے ملنے کی کوشش کرنے والے کارکن پر ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کا تشدد

ویب ڈیسک  پير 31 اکتوبر 2016
خوب پٹائی کے بعد ٹائیگر فورس کے اہلکاروں کی متاثرہ کارکن کو منانے کی کوشش۔ فوٹو: فائل

خوب پٹائی کے بعد ٹائیگر فورس کے اہلکاروں کی متاثرہ کارکن کو منانے کی کوشش۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان عوام بالخصوص نوجوانوں میں اس قدر مقبول ہیں کہ ہر کوئی ان سے ملنے کی خواہش رکھتا ہے اور آج جب عمران خان بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرنے آئے تو ایک نوجوان نے اپنے پسندیدہ لیڈر سے ملنے کی کوشش کی لیکن ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے اسے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

ایکسپیرس نیوز کے مطابق عمران خان بنی گالہ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ ایک نوجوان نے چیخ و پکار شروع کر دی کہ یہ کیسا انصاف ہے مجھے اپنی پارٹی کے قائد سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور جب تحریک انصاف کے جوشیلے کارکن نے عمران خان کی طرف جانے کی کوشش کی تو ان کی سیکیورٹی پر مامور ٹائیگر فورس کے اہلکاروں نے نوجوان کارکن کو دبوچ کر زمین پر گرا دیا اور اس پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی جس سے اس کے منہ سے خون آنے لگا۔

بعد ازاں ٹائیگر فورس کے اہلکار پی ٹی آئی کے کارکن کو بنی گالہ کی جانب لے گئے اور ذرائع کے مطابق اسے وہاں پر بھی پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر منانے کی کوشش کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔