سرفراز پر تنقید کے بجائے اسے سپورٹ کیا جائے، عبدالقادر

اسپورٹس رپورٹر  پير 24 ستمبر 2018
سلیکٹر ہوتا تو ایشیا کپ میں حفیظ کوضرورلیتا،افغان ٹیم کا مستقبل روشن ہے، سابق اسپنر
 فوٹو: فائل

سلیکٹر ہوتا تو ایشیا کپ میں حفیظ کوضرورلیتا،افغان ٹیم کا مستقبل روشن ہے، سابق اسپنر فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اپنے دور کے بہترین اسپنرز میں شمار کیے جانے والے بولر عبدالقادر نے کہا ہے کہ  پاکستان اوربھارت کے درمیان کرکٹ  سیریزکا انعقاد بہت ضروری ہے۔

سلیکٹر ہوتا تو ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں محمد حفیظ کو ضرور شامل کرتا، سرفراز احمد ایک بہترین فائٹر  ہونے کے سبب اچھا کپتان ہے جسے سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے ہمیشہ سے اہمیت کے حامل اور دلچسپی کا باعث رہے ہیں، ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین  کھیلی جانے والی ایشیز سیریز سے بڑی سیریزکی حیثت اختیارکرسکتی ہے، ایک سوال کے جواب میں عبدالقادر نے کہا کہ  کرکٹ میں افغانستان کا مستقبل بہت روشن نظرآرہا ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ یہ ٹیم بہتر ہوتی چلی جائے گی،  اس وقت افغان ٹیم کو کم از کم 2 تیز بولرز کی ضرورت ہے تاہم اس کے پاس اچھے اسپنرز ضرور ہیں، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستان  کرکٹ ٹیم کے پاس اس وقت صرف 4 ہی بہترین بیٹسمین  ہیں ان میں تجربہ کار شعیب ملک، ابھرتے ہوِئے با صلاحیت بابر اعظم، فخر زمان  اورامام الحق شامل ہیں۔

اگرمیں سلیکٹرہوتا توایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم میں سابق کپتان محمد حفیظ کو ضرور شامل کرتا، وہ سینئر بیٹسمین ہونے کے ساتھ بولنگ کے شعبے میں بھی کارگر ثابت ہوسکتے تھے، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ہماری عادت ہے کہ ہم یکدم سر پربھٹالیتے ہیں اوریک لخت زمین پربھی گرا دیتے ہیں۔

سرفراز احمد ایک اچھے فائٹر ہیں اورپاکستان ٹیم کی بہترین انداز میں  قیادت کر رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ سرفراز احمد کو بھرپور سپورٹ کیا جائے اور بے جا دباؤ کا شکار نہ بنایا جائے تاہم  سرفراز کو اعتماد کے ساتھ اپنی بیٹنگ کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔