یوم شہدا کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد، شہدا کی یادگاروں پر فاتحہ خوانی

ویب ڈیسک  بدھ 30 اپريل 2014
یوم شہداء مادر وطن کے ان بہادر جوانوں اور افسران کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جانوں کے نذرانے دے کر تاریخ رقم کی۔ فوٹو: فائل

یوم شہداء مادر وطن کے ان بہادر جوانوں اور افسران کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جانوں کے نذرانے دے کر تاریخ رقم کی۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے پانچویں یوم شہدا کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج کی جانب سے منایا جانے والا یوم شہداء مادر وطن کے ان بہادر جوانوں اور افسران کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے ملک کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی۔ یوم شہدا منانے کا مقصد ان خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے جن کے پیاروں نے ملکی دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

ملک بھر میں واقع پاک فوج کی چھاؤنیوں اور کنٹونمنٹ علاقوں میں شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے جبکہ ان کے عزیز و اقارب شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے رہے۔ یوم شہدا کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہوئی جس سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خطاب کیا، انہوں نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دیگر اداروں کے ساتھ دہشتگردی کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہے باغی عناصر قومی دھارے میں شامل ہوکرآئین کو قبول کریں  ورنہ ان سے نمٹنے کے لیے کسی شک کی گنجائش نہیں۔ تقریب میں پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی کے علاوہ دیگر سابق افسران نے شرکت کی جبکہ شہدا کے لواحقین اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شریک تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 14 برسوں کے دوران 55 ہزار افراد دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں جبکہ 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔