کیماڑی، میمن گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن میں خاتون سمیت 3 افراد پراسرار طور پر ہلاک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 اگست 2014
مسان روڈ سے ملنے والی لاش 45 سالہ فضل ہادی کی تھی، موت نشے کی زیادتی سے ہوئی، ڈاکٹرز، لاش ورثا کے حوالے۔ فوٹو: فائل

مسان روڈ سے ملنے والی لاش 45 سالہ فضل ہادی کی تھی، موت نشے کی زیادتی سے ہوئی، ڈاکٹرز، لاش ورثا کے حوالے۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں خاتون سمیت 3 افراد پر اسرار طور پر ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جیکسن کے علاقے کیماڑی مسان روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 45 سالہ فضل ہادی ولد فضل ربی کے نام سے کی گئی ، متوفی کیماڑی مسان روڈ کا رہائشی تھا ، متوفی کے ورثا نے پولیس کو بتایا کہ فضل ہادی نشے کا عادی تھا، ڈاکٹرز نے لاش کے معائنے کے بعد بتایا کہ موت نشے کی زیادتی سے واقعے ہوئی ہے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا ہے۔

ملیر میمن گوٹھ کے علاقے سے خاتون کی پھندا لگی لاش ملی ، متوفیہ کی لاش جناح اسپتال لائی گئی جہاں پر ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی جس کے بعد ورثا لاش پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے ، جناح اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 35 سالہ سدرہ زوجہ رمضان کے نام سے کی گئی تھی اور اس نے پر اسرار طور پر پھندا لگا کر خودکشی کی تھی۔

پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ، پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ غازی آباد کرسچن محلہ میں واقع حضرت علی مسجد سے متصل مکان سے تعفن اٹھنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ مکینوں کی موجودگی میں مکان کی دیوار پھلانگ کر تلاشی لی تو کمرے میں ایک شخص کی تعفن زدہ لاش موجود تھی جس کو پولیس نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 58 سالہ سیف الدین ولد جمال الدین کے نام سے کی گئی۔

علاقہ مکینوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ متوفی گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا اور کئی روز سے بیمار بھی تھا، متوفی کی چار روز قبل موت واقع ہو گئی تھی اس دوران گھر میں کوئی نہیں گیا جس کے باعث اس کی وفات کے بارے میں کسی کو معلوم نہیں ہو سکا تعفن اٹھنے پر پتہ چلا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔