سمندرآکسیجن کی کمی کے باعث 'گرم اور تیزابی' ہو رہے ہیں، رپورٹ

ویب ڈیسک  پير 6 جولائی 2015
یہ تبدیلی25 کروڑ سال قبل ہونے والی تبدیلی سے بھی تیز ہے،رپورٹ۔ فوٹو؛ فائل

یہ تبدیلی25 کروڑ سال قبل ہونے والی تبدیلی سے بھی تیز ہے،رپورٹ۔ فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: سائنسدانوں کے مطابق کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج اورآکسیجن کی کمی کے باعث سمندر گرم اور تیزابی ہور ہے ہیں۔

امریکی جریدے ’سائنس‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق سمندرمیں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں واضح کمی نہیں کی گئی تو سمندری حیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، آکسیجن کی کمی کے باعث سمندر گرم اور تیزابی ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سمندروں کو بچانے کے لیے ذرائع محدود اورمہنگے ہوتے جا رہے ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کے جلائے جانے کے باعث پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے باعث سمندروں کی کیفیت بہت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی 25 کروڑ سال قبل ہونے والی تبدیلی سے بھی تیز ہے۔

سائنسدانوں نے خبر دارکیا ہے کہ 1750 سے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا کی گئی ہے اس کا 30 فیصد حصہ سمندروں نے جذب کر لیا ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ آکسیجن میں کمی کا سبب 1970 سے صنعتی علاقوں کی جانب سے پیدا کی گئی حدت کو بھی جذب کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔