کشمیریوں کی آواز کو لاٹھی و گولی سے نہیں دبایا جاسکتا، وزیراعظم آزاد کشمیر

نمائندگان ایکسپریس  پير 31 اگست 2015
چوہدری عبدالمجید نے سیالکوٹ میں زخمیوں کی عیادت کی، لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کیے، فردوس اعوان ودیگر ساتھ تھے۔ فوٹو: فائل

چوہدری عبدالمجید نے سیالکوٹ میں زخمیوں کی عیادت کی، لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کیے، فردوس اعوان ودیگر ساتھ تھے۔ فوٹو: فائل

گوجرانوالہ / سیالکوٹ: وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت، شہدا اور زخمیوں کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری 275 سال سے بھارتی ظلم وبربریت کا شکار ہیں، آج تک کوئی ایک دن ایسا نہیں گزرا جب کسی کشمیری کا خون نہ گرا ہو۔

کشمیریوں کا یہ خون باعث تخلیق پاکستان بنا اور اب باعث تکمیل پاکستان ہو گا، پاکستانیوں کا کشمیریوں سے رشتہ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے، کشمیری عوام حق خود ارادیت کے تحت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق الحاق پاکستان چاہتے ہیں، کشمیریوں کی آواز کو لاٹھی گولی سے نہیں دبایا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے، اگر ہم گانے مادھوری کے سنیں، سیاست دھرنوں کی کریں، خواتین کو تربیت ناچنے کی دیں اور نعرہ نئے پاکستان کا لگائیں تو ہمیں ایسے پاکستان کی ضرورت نہیں جہاں ہماری بیٹیوں کی عزت محفوظ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارے معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کرے اور ہم اس کا جواب دیں تو ہمیں دہشت گرد کہا جائے تو ہم ایسی دہشت گردی سو بار کریںگے، پاکستان کا پرچم سر بلند رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو دفن نہیں ہونے دیا، کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، اقوام متحدہ کے مبصرین بھی صرف نقصانات کا تخمینہ لگاتے ہیں، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروا کر مسئلے کا حل نکالے، وزیر اعظم نواز شریف کو جنرل راحیل شریف کی طرح جرات اور بہادری سے بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔