عالمی معاملات میں مغربی ممالک کی اجاراداری ختم ہورہی ہے، روسی وزیرخارجہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 فروری 2017
امریکی الیکشن کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی سائٹس ہیک کرنے کا کوئی ایک ثبوت بھی سامنے نہیں لایا گیا، سرجی لارو۔ فوٹو: فائل

امریکی الیکشن کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی سائٹس ہیک کرنے کا کوئی ایک ثبوت بھی سامنے نہیں لایا گیا، سرجی لارو۔ فوٹو: فائل

میونخ: روسی وزیرخارجہ سرجی لارو  کا کہنا ہے کہ عالمی معاملات میں مغربی ممالک کی اجاراداری ختم ہورہی ہے۔

جرمنی میں ہونے والی سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا ہی صرف طاقتور ملک نہیں، ہمیں روس امریکا تعلقات کو معنیٰ خیز بنانے اور معاشی و سیاسی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے اس لئے ہم نہیں چاہتے کہ روس کو اس معاملے میں اہمیت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہم باہمی احترام چاہتے ہیں اس لئے مغرب کو سمجھ لینا چاہیئے کہ عالمی معاملات میں اس کی اجارا داری ختم ہورہی ہے۔

کانفرنس کے دوران شرکا کی جانب سے امریکی انتخابات میں ہیکنگ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے امریکی الیکشن کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی سائٹس ہیک کرنے کا کوئی ایک ثبوت بھی سامنے نہیں لایا گیا۔

اس سے قبل امریکی نائب صدر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ روس کا کڑا احتساب کیا جائے گا اور امریکا ماسکو کے خلاف ہر میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔