عباس ٹاؤن میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر،وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 مارچ 2013
 گندگی اور غلاظت کے ڈھیر کو فوری طور پر صاف نہیں کیا گیا تو حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا ، مکین.  فوٹو: ایکسپریس / فائل

گندگی اور غلاظت کے ڈھیر کو فوری طور پر صاف نہیں کیا گیا تو حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا ، مکین. فوٹو: ایکسپریس / فائل

کراچی: عباس ٹاؤن میں سانحے کے بعد صفائی نہ ہونے سے گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگ گئے۔

جس کے باعث علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے،جراثم کش دوا کا چھڑکاؤ تک کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی گئی ، مکین شدید اذیت کا شکار ہیں، تفصیلات کے مطابق سانحہ عباس ٹاؤن کے اگلے روز سے علاقے میں شدید تعفن پھیل گیا جس کے باعث علاقہ مکین شدید ازیت کا شکار ہیں،سانحہ کے بعد سے اب تک کے ایم سی کے عملے نے علاقے سے کچرا اٹھا کر لے جانے کے بجائے قریب ہی واقع باڑہ مارکیٹ کے سامنے ڈالنا شروع کر دیا جس کے باعث وہاں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ۔

علاقے میں جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگنے سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے اور اس کا خمیازہ بھی سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین سمیت دیگر علاقہ مکینوں کو برداشت کرنا پڑے گا ، مکینوں کا کہنا ہے ایک جانب وہ اپنے پیاروں کی جدائی میں شدت غم سے نڈھال ہیں تو دوسری جانب کھنڈرات میں تبدیل ہوجانے والے اپنے آشیانوں کو دیکھ دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی بے حسی ، غفلت اور لاپروائی نے علاقے کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دیا ہے اور اسے اٹھانے والا کوئی نہیں ہے۔

غلاظت اور گندگی کے ڈھیر کے حوالے سے انتظامیہ کی توجہ کئی بار اس جانب مبذول کرائی گئی تاہم ان کی جانب سے کوئی عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے اور اس کا بخوبی اندازہ جا ئے وقوعہ کے قریب لگے ہوئے گندگی کے ڈھیر کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گندگی نے انھیں دہری پریشانی سے دوچار کردیا ہے، علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام خبر دارکیا ہے کہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر کو فوری طور پر صاف نہیں کیا گیا تو حکومت کیخلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔