پی ایس ایل میں کروڑوں روپے اضافی خرچ کرنے کا انکشاف

ذوالفقار بیگ / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 19 جنوری 2018
پہلے ایڈیشن میں بیرون ملک ہوٹل قیام، تنخواہ، بونسز ودیگرمد میں7 کروڑ27 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ ہوئے،پیرزادہ۔ فوٹو : فائل

پہلے ایڈیشن میں بیرون ملک ہوٹل قیام، تنخواہ، بونسز ودیگرمد میں7 کروڑ27 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ ہوئے،پیرزادہ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پی ایس ایل کے دوران کروڑوں روپے اضافی خرچ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے دوران تنخواہوں، بونسز، ہوٹل کے قیام اور سفر پر کروڑوں روپے اضافی خرچ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ ون پر بیرون ملک ہوٹل میں قیام، تنخواہ، بونسز اور ٹیسٹوں کی مد میں7 کروڑ27 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ کیے گئے، انھوں نے بتایا کہ بورڈ نے اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے اپنے ہی عملے سے کام لیا، بورڈکے اپنے قوانین اور اپنا آڈٹ کا نظام ہے، یہ مکمل خود مختار ادارے ہیں۔

ادھر پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقادکیلیے بورڈ آفس میں پی ایس ایل سیکریٹریٹ قائم کیا گیا جس سے کروڑوں روپے کی بچت ہوتی ہے، دبئی کے ساتھ لاہور میں بھی دفتر قائم کیا گیا۔

ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کوآرڈینیشن امجد بھٹی نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی دستاویزات کے بارے میں مجھے کچھ معلوم نہیں، بورڈ حکام مجھ سے پوچھ کر دستاویزات فراہم نہیں کرتے۔ انھوںنے کہاکہ میں سیکریٹری انفارمیشن رہا اور پی سی بی کے تمام میڈیا معاملات میں دیکھتا ہوں، سوال کرنے سے پہلے مجھے آگاہ کریں تاکہ میں اس کا جواب دے سکوں، پی سی بی ایک غیر سرکاری ادارہ ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی آفیشلز کو پی ایس ایل کے بعد خصوصی الاؤنس ادا کیا جاتا ہے، بھاری تنخواہوں پرکام کرنے والے ملازمین کو اضافی ذمہ داریاں دیتے ہوئے پی ایس ایل کیلیے الاؤنس دیا گیا،ان ملازمین میں ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کوآرڈنیشن امجد حسین بھٹی، سینئر میڈیا منیجر رضا راشد، جنرل منیجر فنانس عتیق رشید، منیجر اکاؤنٹس عدیل الرحمان، منیجر فنانس بلال حنیف، اسسٹنٹ منیجر اکاؤنٹس محمد توقیر، اسسٹننٹ منیجر اکاؤنٹس فائقہ قصوریہ، اکاؤنٹس آفیسر ضیا مسعود، اکاؤنٹس آفیسر علی احمد، جی ایم لیگل افیئرز سلمان نصیر، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید، ایس جی ایم آپریشنز لاجسٹکس اسد مصطفیٰ، جی ایم انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز عثمان واہلہ، سینئر منیجر لاجسٹک مقصود احمد خان، منیجر بین الاقوامی کرکٹ آپریشنز عدنان مظفر علی، منیجر اپیریل فاروق اقبال بھٹی، پروٹوکول آفیسر میاں نظیر احمد، جی ایم مارکیٹنگ حبیب شیخ، سینئر منیجر مارکیٹنگ کامل سروپ خان، منیجر نیو میڈیا عون محمد زیدی، منیجر مارکیٹنگ عماد حمید، ویب ڈیولپر محمد اسحاق، منیجر مارکیٹنگ محمد سلمان مسعود، کری ایٹو ہیڈ عبدالاحد، اسسٹننٹ منیجر مارکیٹنگ منصور علی خان منج، اسسٹنٹ منیجر نیو میڈیا رائے ایم ازلان شاہد، ویب لائیو اسکورر سلیمان اظہر، اسسٹننٹ منیجر مارکٹینگ احمد رضا، منیجر کمیونیکیشن تیمور مبشر، پروجیکٹ ایسوسی ایٹ پی ایس ایل مہوش عمر، اسسٹنٹ منیجر ثنا میر، ایس جی ایم سیکیورٹی محمد اعظم خان شامل ہیں، یہ تمام بھاری تنخواہوں کے ساتھ بونس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔