سندھ بھر سے انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے،نادر اکمل لغاری

اسٹاف رپورٹر  اتوار 31 مارچ 2013
 شاہ محمود سندھ سے الیکشن لڑینگے،نگراں حکومتوں کے نام پر بندربانٹ چل رہی ہے. فوٹو: فائل

شاہ محمود سندھ سے الیکشن لڑینگے،نگراں حکومتوں کے نام پر بندربانٹ چل رہی ہے. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل لغاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی سمیت سندھ بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جو نوجوان اور باصلاحیت ہیں اور جن کا ماضی بے داغ ہے۔

تمام امیدواروں کا انتخاب پارلیمانی بورڈ نے اہلیت اور اچھے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے، وہ ہفتے کو پریس پریس کانفرنس کرہے تھے،انھوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سندھ سے الیکشن لڑیں گے،چیف جسٹس کے نوگو ایریاز کے خاتمے کے حکم پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور پولیس نے بہت سے علاقوں سے نوگوایریاز ختم کرادیے ہیں،ان کی جماعت کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا اتحاد نہیں کرے گی تاہم صرف جماعت اسلامی سے بات چیت جاری ہے۔

رینٹل پاور سے لیکر ریلوے تک اسٹیل مل سے لیکر پی آئی اے تک، لیپ ٹاپ سے لیکر جنگلہ بس سروس تک، کراچی کی قتل و غارت گری، اندرون سندھ اغوا برائے تاوان، بلوچستان کے مظلوم عوام کا اغوا اور قتل، سب جمہوریت اور مفاہمت کے نام پر، پاکستان کے عوام کا استحصال اور سب سے بڑھ کر فاٹا اور کشمیر کی صورتحال پر سب کچھ پاکستان کے40 چوروں اور ان کے خاندانوں کی بیرون ملک دولت کے انبار کی حفاظت اور اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوششیں ہیں۔

نگراں حکومتوں کے نام پر سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں جو بندربانٹ کا کاروبار چل رہا ہے تحریک انصاف اس کا کسی جگہ بھی حصہ نہیں ہے،کراچی میں جاری قتل و غارت گری حکومت کا ایک تحفہ ہے جس کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں، مخلوط حکومت ایم کیو ایم، اے این پی، پی پی پی و دیگر جماعتیں سب اسکی ذمے دار ہیں اور ان کو کراچی اور اندرون سندھ کے حالات کا اندازہ ہی نہیں،آئندہ الیکشن میں حساب دینا ہوگا، تحریک انصاف اور عوام ان کے حساب کتاب کے لیے تیار ہیں، این اے 250تحریک انصاف کی مضبوط نشست ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔