نوازشریف کوصرف پاناما کا نہیں اپنے تمام ادوارکا حساب دینا پڑے گا، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  جمعرات 22 فروری 2018

 لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو صرف پاناما کا نہیں بلکہ اپنے تمام ادوار کا حساب دینا پڑے گا۔

لاہورمیں میڈیا سے  گفتگوکرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ کا نااہلی کا فیصلہ ماننا پڑے گا، کسی ایک آدمی کے لئے قانون تبدیل نہیں کیا جاسکتا، نوازشریف نے یوسف رضا گیلانی کومشورہ دیا تھا کہ عدالت کا فیصلہ مانیں اوراستعفیٰ دے کر گھر جائیں اب نوازشریف کو اپنے مشورے کا پاس رکھنا چاہیے، (ن) لیگ نے جان بوجھ کر خود کومشکل صورتحال میں ڈالا، جعلی تبدیلی کی سیاست نہیں بلکہ ملک میں صرف جمہوریت چاہتے ہیں، انصاف اور مساوات پرمبنی معاشرہ چاہتے ہیں جب کہ اقتدارمیں آئے تو کسانوں کو طاقت ور بنائیں گے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: نوازشریف نے فوج سے بچنے کے لئے مودی سے خفیہ ملاقات کی

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ہائی جیکنگ کیس میں ڈرامے بازی کی، نوازشریف کو اپنے سارے ادواراورپاناما کا حساب دینا پڑے گا، وہ سمجھتے ہیں کہ عوام بے وقوف ہیں، عوام نوازشریف کو الیکشن میں بھرپور شکست دیں گے، انہیں عدالتوں اور عوام کی طرف سے بھی سزا ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔