مصباح کو منصب قیادت پر بٹھائے رکھنے کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹرز  منگل 2 اپريل 2013
دونوں نے گذشتہ ایک سال میں ٹیم کیلیے بہت اچھا کام کیا، جلد بازی نقصان دہ ثابت ہوگی، آئندہ ٹور سے قبل بیٹنگ کوچ کے بارے میں حتمی فیصلہ کرلیں گے۔   فوٹو: اے ایف پی

دونوں نے گذشتہ ایک سال میں ٹیم کیلیے بہت اچھا کام کیا، جلد بازی نقصان دہ ثابت ہوگی، آئندہ ٹور سے قبل بیٹنگ کوچ کے بارے میں حتمی فیصلہ کرلیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور:  مصباح الحق کی قیادت پر چھائے خدشات دور ہو گئے۔

پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی میں بھی انہی کو منصب قیادت کو بٹھائے رکھنے کا فیصلہ کر لیا، چیئرمین ذکا اشرف کے مطابق کپتان کے ساتھ کوچ ڈیوواٹمور بھی بدستور عہدے پر برقرار رہیں گے، صرف جنوبی افریقہ میں کارکردگی کو معیار بنا کر سخت فیصلے کرنا مناسب نہیں ہوگا، دونوں نے گذشتہ ایک سال میں ٹیم کیلیے بہت اچھا کام کیا ہے،کھیل میں تسلسل لانے کیلیے فیصلوں میں جلد بازی نقصان دہ ثابت ہوگی۔

کرکٹ ایک سائنس بن چکی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو اعتماد دیے بغیر بات نہیں بنے گی، بیٹنگ کوچ کی تقرری کیلیے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں، امید ہے کہ آئندہ ٹور سے قبل کوئی حتمی فیصلہ کرلیں گے۔تفصیلات کے مطابق ہر ناکام دورے کے بعد عہدوں، کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ پاکستان کرکٹ کی روایت رہی ہے، حال ہی میں ختم ہونے والی پروٹیز کے خلاف سیریز کے بعد بھی سابق کرکٹرز کی جانب سے کچھ ایسے ہی مطالبات مسلسل سامنے آرہے تھے۔

خصوصاً بعض حلقوں کو مصباح کی کرسی ہلتے محسوس ہو رہی تھی، گذشتہ روز ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے بڑی تبدیلیوں کے امکانات یکسر مسترد کرکے تمام افواہوں کو دم توڑنے پر مجبور کر دیا، انھوں نے کہا کہ صرف جنوبی افریقہ میں کارکردگی کو معیار بنا کر سخت فیصلے کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

ہم کپتان مصباح الحق یا کوچ ڈیو واٹمور کو فارغ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، ہمیں مجموعی پرفارمنس پر بھی نظر رکھنا ہوگی، دونوں نے گذشتہ ایک سال میں ٹیم کیلیے بہت اچھا کام کیا، واٹمور کے ساتھ ہمارا دو سال کا کنٹریکٹ ہے، مناسب وقت پر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے،انھوں نے کہا کہ مصباح الحق سو فیصد فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں۔

بطور کپتان اپنا کردار بخوبی نبھانے کے ساتھ ان کی اپنی پرفارمنس بھی بہترین ہے، قومی ٹوئنٹی 20 سپر 8 ٹورنامنٹ میں بھی انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، انھیں فارغ کرنے کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی، کھیل میں تسلسل لانے کیلیے فیصلوں میں جلد بازی نقصان دہ ہوگی، کرکٹ ایک سائنس بن چکی، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو اعتماد دیے بغیر بات نہیں بنے گی، ہم جہاں تک ہوسکے کھلاڑیوں کو بہترین ماحول اور سہولتوں کی فراہمی جاری رکھیں گے، ذکا اشرف نے کہا کہ بیٹنگ کوچ کی تقرری کے لیے اندرون اور بیرون ملک سے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں، کئی امیدوار رجوع کرچکے، امید ہے کہ آئندہ ٹور سے قبل کوئی حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔