نویں اور دسویں کے امتحانات پیر سے ہونگے، 223 امتحانی مراکز قائم

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 اپريل 2013
قائد ملت پبلک اسکول  کے طلبا میڑک بورڈ آفس کے سامنے مظاہرہ کررہے ہیں۔  فوٹو : فائل

قائد ملت پبلک اسکول کے طلبا میڑک بورڈ آفس کے سامنے مظاہرہ کررہے ہیں۔ فوٹو : فائل

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فصیح الدین خان نے کہاہے کہ 8اپریل سے میٹرک بورڈ کراچی کے تحت نویں اوردسویں کے سالانہ امتحانات برائے 2013 میں 317407 امیدوار شریک ہورہے ہیں جن کے لیے بورڈنے 223امتحانی مراکز قائم کیے ہیں جن میں طلبہ کیلیے117اورطالبات کے لیے 106 امتحانی مراکز شامل ہیں۔

ایک امتحانی مرکز کراچی سینٹرل جیل میں بھی قائم کیا گیا ہے، 50 حساس امتحانی مراکز کی فہرست سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ 56افرادپرمشتمل ویجلنس ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں، کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کوامتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر خصوصی اقدامات کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت رینجرز اورپولیس کی مددلی جائے گی اوران کے گشت کویقینی بنایاجائے گاخاص طورپرکمشنرآفس میں بھی رپورٹنگ سیل قائم ہوگاجوکسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری نمٹ سکے گا۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے جمعہ کی شب بورڈ کی سماعت گاہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری بورڈ حورمظہراورناظم امتحانات نعمان احسن بھی موجود تھے، چیئرمین بورڈ نے دعویٰ کیا کہ ان کے لیے شہر کا کوئی بھی علاقہ نوگوایریانہیں اوروہ خود لیاری کے امتحانی مراکز کادورہ کریں گے، چیئرمین بورڈ فصیح الدین خان کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کے ای ایس سی کے حکام کوخط لکھا گیاہے جبکہ 50 حساس امتحانی مراکز کی فہرست سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کردی گئی ہے 70 فیصدامتحانی مراکز سرکاری اسکولوں میں قائم کیے گئے ہیں، پرچہ آئوٹ نہ ہونے کی حکمت عملی کے تحت ہم نے ایماندار اورسینئراساتذہ کاانتخاب کیا ہے جبکہ پرچے امتحانی مراکز پہنچانے والی گاڑیوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی موجودگی کی یقین دہانی حکومت سندھ کی جانب سے کرائی گئی ہے۔

56 افراد پر مشتمل ویجلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ،ہرٹیم دوافراد پرمشتمل ہوگی، کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کوامتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، ویجلنس آفیسرز کوخصوصی کارڈزجاری کیے گئے ہیں جس پران کی تصویر چسپاں ہے، بورڈ آفس میں ایک رپورٹنگ سیل بھی قائم کیاگیاہے، اس موقع پرناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا کہ بورڈ کی ویب سائٹ فعال کردی گئی ہے، اب بیک وقت ساڑھے 3لاکھ سے زائد افراد اسے دیکھ سکیں گے اوراتنی بڑے تعداد کے باوجود ویب سائٹ کاسرورڈائون نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔