نعیم بخاری کو چیف جسٹس پاکستان کی ایئر ہوسٹسز کے ساتھ تصویر پراعتراض

ویب ڈیسک  منگل 3 اپريل 2018
چند روز قبل پی آئی اے کی فضائی میزبانوں نے چیف جسٹس کے ہمراہ تصویر کھنچوائی تھی فوٹو: فائل

چند روز قبل پی آئی اے کی فضائی میزبانوں نے چیف جسٹس کے ہمراہ تصویر کھنچوائی تھی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنما نعیم بخاری نے چیف جسٹس پاکستان سے ان کی ایئر ہوسٹس کے ہمراہ تصویر پر اعتراض کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر ایک میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ مختلف مقدمات کی سماعت کررہا ہے، ایک مقدمے کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنما اور پاناما کیس میں عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے چیف جسٹس کی سوشل میڈیا پر چلنے والی ایئر ہوسٹسز کے ساتھ تصویر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی اس تصویر پر اعتراض ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: چیف جسٹس کی خواتین سے متعلق بیان پر معذرت

جواب میں چیف جسٹس نے خوشگوار موڈ میں ریمارکس دیئے کہ کیوں آپ تصویر پر جل رہے ہیں، آپ کا تو حق بھی بنتا ہے، نعیم بخاری نے کہا کہ یہ وکلاء کا حق مارنے والی بات ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بعض اوقات بیٹیوں کو انکار نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی سے اسلام آباد روانگی کے وقت دوران پرواز پی آئی اے کی فضائی میزبانوں نے چیف جسٹس کے ہمراہ چند تصاویر کھنچوائی تھیں، بعد میں انہوں نے یہ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔