دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، افغانستان سے آئے 2 خودکش بمبار گرفتار

ایکسپریس نیوز  جمعرات 26 اپريل 2018
بلوچستان میں بھی بارودلے جانے والا دہشت گرد پکڑا گیا۔ فوٹو: فائل

بلوچستان میں بھی بارودلے جانے والا دہشت گرد پکڑا گیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد:  سیکیورٹی فورسز نے فاٹا اور خیبرپختونخوا میں کارروائیوں کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت فورسز نے فاٹا اور خیبرپختونخوا میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، خفیہ اطلاعات پر سرائے نورنگ اور کوٹکا شاہ گلی خان لکی مروت میں کارروائیوں کے دوران سرحدپارسے آئے خودکش حملہ آوروں نعمت اللہ اورصدیق اللہ کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور مواصلاتی آلات برآمد کر لیے گئے۔

فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی کے انججول جنگل میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کی بڑی مقدار بھی برآمد کر لی۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے دالبندین کے قریب ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا، دہشت گرد نوکنڈی سے خاران چارسو ڈیٹونیٹرز اور بارود منتقل کررہا تھاکہ فورسزنے حراست میں لیا۔

ادھر نوشہرہ اضاخیل کے علاقہ خیسری میں پولیس اوراشتہاری ملزمان میں فائرنگ کے تبادلے میں ریپڈ رسپانس پولیس صوابی کا اہلکار مرادعلی شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ملزم نوید عرف نویدے بھی مارا گیا،ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں نامعلوم افراد نے تحصیل ممبر محمد ابراہیم کو کار سے اتار کر قتل کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔