ابراہیم حیدری کی کچھی برادری کے افراد متحدہ میں شامل

ایکسپریس ڈیسک  منگل 16 اپريل 2013
 الطاف حسین کی قیاد ت میں عوام کی حکمرانی قائم ہوگی،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی۔ فوٹو: فائل

الطاف حسین کی قیاد ت میں عوام کی حکمرانی قائم ہوگی،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی۔ فوٹو: فائل

کراچی:  ابراہیم حیدری میں رہائش پذیر کچھی برادری سے تعلق رکھنے والے وفد نے محمد صدیق گڈانی کی قیادت میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، اراکین رابطہ کمیٹی نیک محمد اور اشفاق منگی سے ملاقات کی اورایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ملک سے جاگیر دارانہ ، وڈیرانہ ،سردارانہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد سے متاثر ہوکر ایم کیوایم میں غیرمشروط طورپر شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

، یہ اعلان انھوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں کیا، وفد کے اراکین نے کہاکہ ملک بھر کا متوسط اور غریب طبقہ الطاف حسین کو نجات دہندہ کے طور پر دیکھ رہا ہے ، ایم کیوایم کیخلاف زہراگلنا متوسط طبقے کیخلاف زہراگلنے کے مترادف ہے،باطل پرست قوتوں کو اندازہ ہوجائے گا کہ اب اگر الطاف حسین اور قافلہ حق پرستی کے خلاف سازشیں کیں تو سندھ کے مظلوم و محکوم تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد ان باطل پر ستوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہوں گے۔

اس موقع پر وفد کے اراکین کے جذبات کو سراہتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی نے انہیں ایم کیوایم میں غیر مشروط شمولیت اختیار کرنے پر زبردست مبارکباد پیش کی اور کہاکہ الطاف حسین کی قیادت میں ملک بھر کے مظلوم عوام تیزی سے ایم کیوایم کے پرچم تلے جمع ہورہے ہیں تاکہ ملک میں 65سالوں سے رائج فرسودہ موروثی سیاست کا خاتمہ کیا جاسکے ،انھوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب پورے ملک میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی قیاد ت میں غریب و مظلوم عوام کی حکمرانی قائم ہوگی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔