راجا پرویز کی نااہلی پارٹی کیخلاف سازش ہے،قائم علی شاہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 17 اپريل 2013
ماضی میں الیکشن چوری ہوتے رہے،اب الیکشن کی ڈکیتی کی جارہی ہے،پریس کانفرنس۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ماضی میں الیکشن چوری ہوتے رہے،اب الیکشن کی ڈکیتی کی جارہی ہے،پریس کانفرنس۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ سیدقائم علی شاہ نے گجرخان کے قومی اسمبلی کے حلقے سے سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کا مقصد پیپلزپارٹی کو انتخابات سے باہر رکھنا ہے، ماضی میں الیکشن چوری کیے جاتے رہے ہیں اور اب الیکشن کی ڈکیتی کی جارہی ہے۔

وہ منگل کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع  پر سابق صوبائی وزیرآغا سراج درانی، وقارمہدی و دیگر بھی موجود تھے۔ قائم علی شاہ نے کہاکہ راجا پرویزاشرف پارٹی کے سیکریٹری جنرل بھی ہیں۔ ان کے کا غذات مسترد کرکے پارٹی کو پیغام دیا گیاہے کہ پیپلزپارٹی الیکشن سے باہر ہوجائے۔ ایک سوال پر قائم علی شاہ نے کہاکہ ہم دھمکیوں سے مرعوب ہوکر میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اس لیے عوام ہم پر دوبارہ اعتماد کریںگے۔ ایک اور سوال پر قائم علی شاہ نے کہاکہ ان سے جو سیکیورٹی واپس لی گئی ہے اس پر انھوںنے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھاہے اور فون پر رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی تاہم رابطہ نہیں ہوسکا۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ختم کرنے کی کوشش ضیاالحق کے دور سے چلی آرہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔