اسٹاربکس کافی کی شکایت پرلاہورکے ریسٹورنٹ کونوٹس

خصوصی رپورٹر  بدھ 23 مئ 2018
فرنچائزہولڈرنہیں،مسابقتی کمیشن میں آپشنز کا اعتراف، الزام بھی ثابت،پیش ہونے کاحکم
۔فوٹو: فائل

فرنچائزہولڈرنہیں،مسابقتی کمیشن میں آپشنز کا اعتراف، الزام بھی ثابت،پیش ہونے کاحکم ۔فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  مسابقتی کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے آپشن انٹرنیشنل کو بادی النظر میں دھوکا دھی سے اسٹاربکس کافی کی فروخت اور کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

اس ضمن میں سی سی پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست واشنگٹن میں رجسٹرڈانٹرنیشنل کافی چین اسٹاربکس نے لاہور کے مقامی ریسٹورنٹ آپشنز کافی اینڈمورکے خلاف سی سی پی کو شکایت کی کہ وہ دھوکا دہی سے اس کے آفیشل ٹریڈ مارک ’’اسٹاربکس کافی‘‘ کا استعمال کر کے صارفین کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

اسٹاربکس نے کہا کہ اس کی پاکستان میں کوئی بھی فرنچائز نہیں، سی سی پی کی بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق آپشن نہ صرف اپنے کیفے کے مرکزی سائن بورڈ پر بلکہ اپنے پیکیجنگ میٹیریل، مگس، مینیوز،ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر بھی اسٹاربکس کے ٹریڈ مارک کا استعمال کر رہا تھا، آپشن یہ دعویٰ بھی کر رہا تھا کہ وہ اسٹاربکس مشینوں میں تیارکردہ اصل اسٹاربکس کافی صارفین کے لیے پیش کررہاہے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق مندرجہ بالا جھوٹے دعوے کر کے اور صارفین کو گمراہ کر کے آپشن انٹرنیشنل بادی النظر میں کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10کی خلاف ورزی کرنے اور اسٹاربکس کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بنا ہے، آپشن انٹرنیشنل نے خود بھی تسلیم کیا ہے کہ اگرچہ وہ اسٹاربکس کافی فروخت کر رہا ہے لیکن وہ اسٹاربکس انٹرنیشنل کا فرنچائز ہولڈر نہیں ہے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق کسی معاہدے کے بغیر آپشن انٹرنیشنل کو ایسا کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ اسٹاربکس کافی فروخت کرے اور ایسے دعوے کرے اس لیے سی سی پی نے آپشن انٹرنیشنل کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے  14دن کے اندر کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔