لندن،ایم کیوایم کے زیراہتمام پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ

ایکسپریس ڈیسک  پير 29 اپريل 2013
مظاہرین نے پاکستان،ایم کیوایم،اے این پی کے پرچم،پلے کارڈز وبینرزاٹھائے ہوئے تھے. فوٹو: فائل

مظاہرین نے پاکستان،ایم کیوایم،اے این پی کے پرچم،پلے کارڈز وبینرزاٹھائے ہوئے تھے. فوٹو: فائل

لندن: لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام کراچی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں طالبان دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیوایم، اے این پی اور پیپلزپارٹی  کے امیدواروں، عہدیداروں، کارکنوں اور ہمدردوں کو بم دھماکوں اور دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعات کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ 

مظاہرے میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان سلیم شہزاد، محمدانور، ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ڈاکٹرسلیم دانش، جوائنٹ آرگنائزر فیض احمد، ایم کیوایم کے ذمے داروں، کارکنوں اور وہاں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ اے این پی برطانیہ کے صدر محفوظ جان و دیگر عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔  مظاہرین میں نوجوانوں اور بزرگوں  کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی جنھوں نے پاکستان ایم کیوایم اور اے این پی کے پرچموں کے ساتھ مختلف پلے کارڈزاور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ان پر بم دھماکوں، دہشت گردی اور طالبان کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرہ تقریباً 2گھنٹے جاری رہا۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان نے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان میں ایم کیوایم، اے این پی اورپیپلزپارٹی کے خلاف دہشت گردی کے حملوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اورکہاکہ اعتدال پسندجماعتوں کوانتخابات سے باہر رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔ نگراں حکومت ، الیکشن کمیشن اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے طالبان دہشت گردوں کے خلاف بھرپوراورمؤثرکارروائی نہیں کی جارہی۔ اس صورتحال پر انٹرنیشنل کمیونٹی کی جانب سے خاموشی بھی افسوسناک ہے ۔ اے این پی کے عہدیداروںنے بھی دہشت گردی کی وارداتوں کی شدید مذمت کی اورکہاکہ اعتدال پسند جماعتیں اس دہشت گردی کے آگے ہتھیارنہیں ڈالیں گی اوراپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔