ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلیے دائر درخواست سپریم کورٹ میں سماعت مقرر

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 23 جون 2018
چیف جسٹس میاں ثاقب نثاراگلے ہفتے اسلام آباد میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ فوٹو:فائل

چیف جسٹس میاں ثاقب نثاراگلے ہفتے اسلام آباد میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: امریکا میں قید عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کیلیے دائر آئینی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر کردی گئی۔

پیر کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کی طرف سے دائر پٹیشن کی سماعت کرے گا۔

دریں اثنا اگلے ہفتے مقدمات کی سماعت کیلیے سپریم کورٹ کے روسٹر میں تبدیلی کردی گئی ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثاراگلے ہفتے اسلام آباد میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل  بینچ  پیر 25جون کو بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل کرنے کیلیے دائر متحدہ قومی مومنٹ کی آئینی پٹیشن کے علاوہ ملک بھر میں انتظامی عدالتوں اور ٹربیونلز کی عدم فعالیت سے متعلق از خود نوٹس کیس بھی سنے گا۔

بینچ پیر کو اسلام آباد میں پانی کی قلت سے متعلق مفاد عامہ کے مقدمے کی بھی سماعت کرے گا جبکہ منگل کو پمز اسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کی بندش،ججوں اور سرکاری افسران کی دہری شہریت،54ارب روپے کے قرضے معاف کرنے اور وکلا کے جعلی ڈگریوں کے مقدمات کی سماعت ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔