پاکستان اور ترکی کے درمیان ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دیدی گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جولائی 2018
ٹی -129 ہیلی کاپٹر خصوصی طور پر دشمن پر حملےکے لیے تیار کیا گیا، فوٹو: اے اے

ٹی -129 ہیلی کاپٹر خصوصی طور پر دشمن پر حملےکے لیے تیار کیا گیا، فوٹو: اے اے

 انقرہ: پاکستان اور ترکی کے درمیان جدید لڑاکا ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق پاکستان نے ترکی سے جدید ترین جنگی ٹی-129 ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے لیے دلچسپی ظاہر کی تھی اور اس سلسلے میں پاکستان کی وزارت دفاع کے حکام اور ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کے مابین مذاکرات ہوئے جس میں معاہدے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا یہ معاہدہ اسلام آباد اور انقرہ کے مابین دفاعی تعلقات  اور دوطرفہ عسکری تعاون کی نئی سمتوں کا تعین کررہا ہے۔ معاہدے کے تحت ترکی مرحلہ وار پانچ برسوں میں یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان کو فراہم کرے گا جب کہ یہ معاہدہ ترکی کی دفاعی صنعت کا اب تک سب سے بڑا برآمدی معاہدے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ترکی سے جدید جنگی ہیلی کاپٹرز خریدے گا

ٹی 129 فضائی حدود کی حفاظت اور ملکی دفاع کے لیے عہد حاضر کا ایک جدید اور انتہائی کارآمد ہیلی کاپٹر ہے۔ دو انجن والا یہ ہیلی کاپٹر دو نشستوں پر مشتمل ہے  جوکہ خصوصی طور پر حملے، تیز رفتاری اور دشمن کی جاسوسی  کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

نومبر 2017 میں اس وقت کے وزیربرائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ترکی کے خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم ترکی سے 30 جدید ہیلی کاپٹر اور 4 بحری جہاز خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ گزشتہ سال دورہ ترکی کے دوران پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹی 129 اے ٹی اے کے ہیلی کاپٹر کی آزمائشی پرواز کا مشاہدہ و تجزیہ کیا تھا جس میں انہوں نے اسے متاثرکن ہیلی کاپٹر قرار دیتے ہوئے اسے جلد سے جلد پاک فوج میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔