جامعات کے ملازمین کو 20 فیصد الائونس نہیں دے سکتے:وائس چانسلرز

صفدر رضوی  ہفتہ 25 مئ 2013
   الاؤنس کا اجرا ایچ ای سی اورحکومت سندھ کے مالی تعاون سے مشروط کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

الاؤنس کا اجرا ایچ ای سی اورحکومت سندھ کے مالی تعاون سے مشروط کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی:  صوبے کی سرکاری جامعات کے سربراہوں نے ملازمین کو20فیصد خصوصی الاؤنس دینے کامعاملہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن اورحکومت سندھ کے مالی تعاون سے مشروط کردیا ہے اورایچ ای سی یاحکومت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں خصوصی فنڈز جاری نہ ہونے تک ملازمین کو کسی بھی قسم کے خصوصی الاؤنس کے اجرا کا امکان مستردکردیا ہے۔

اس حوالے سے سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرزکا اجلاس سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلرنذیرمغل کی زیرصدارت جامشورو میں جمعہ کو ہوا جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمدقیصر،این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرافضل حق،سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمدعلی شیخ اورشہید محترمہ بینظیرلیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرآراے شاہ کے علاوہ دیگرسرکاری جامعات کے شیخ الجامعہ بھی شریک ہوئے،اجلاس میں سندھ کی سرکاری جامعات کے ملازمین کوبنیادی تنخواہوں کا20 فیصد خصوصی الاؤنس دیے جانے کے معاملے پر بحث کی گئی اور طے کیاگیاکہ سرکاری جامعات کے پاس اتنے فنڈز نہیں ہیں کہ وہ مذکورہ الاؤنس کااجرا شروع کریں۔

کیونکہ ایچ ای سی کی جانب سے گرانٹ میں اضافہ نہ کرنے اور مہنگائی اور اخراجات کے علاوہ تنخواہوں میں مسلسل اضافے کے سبب یونیورسٹی کوماہانہ اخراجات پوراکرنابھی مشکل ہورہاہے لہٰذا جامعات اپنے بجٹ سے مذکورہ الاؤنس نہیں دے سکتی البتہ اگرحکومت سندھ یااعلیٰ تعلیمی کمیشن اس حوالے سے سرکاری جامعات کوفنڈزجاری کرتی ہے توایسی صورت میں جامعات اپنے ملازمین کو20 فیصد خصوصی الاؤنس دے سکتی ہیں ،یادرہے کہ دوروز قبل جامعہ کراچی کی ایمپلائز ایسوسی ایشن اورانجمن اساتذہ کی جانب سے20فیصد خصوصی الاؤنس جاری کرنے کامطالبہ سامنے آیاتھا قابل ذکرامریہ ہے کہ جامعہ کراچی کی ایمپلائز ایسوسی ایشن کسی انتخاب کے بغیر گزشتہ کئی سال سے کام کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔