فرسٹ کلاس کرکٹ؛ مصباح الحق نے سہولیات کا پول کھول دیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 4 ستمبر 2018
معیار بلند کرنے کے لیے سہولیات بھی انٹرنیشنل سطح کی دیں،سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

معیار بلند کرنے کے لیے سہولیات بھی انٹرنیشنل سطح کی دیں،سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  مصباح الحق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سہولیات کا پول کھول دیا۔

مصباح الحق ایل سی سی اے گرائونڈ میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی طرف سے لاہور وائٹس کیخلاف قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیل رہے ہیں۔ اس دوران سہولیات کی کمی انھیں بری طرح کھٹکی، سابق کپتان نے صورتحال واضح کرنے کیلیے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں بتایا کہ یہ کوئی اسٹور روم نہیں بلکہ ایل سی سی اے کا ڈریسنگ روم ہے۔

مصباح الحق نے بتایا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا گراؤنڈ ایک فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کر رہا ہے، دونوں ٹیموں میں 6 ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں، ویڈیو میں ڈریسنگ روم کے ساتھ گندے واش روم، ٹوٹ پھوٹ کا شکار فرش اور ایسی دیواریں نظر آرہی ہیں جن سے بیشتر رنگ و روغن جھڑچکا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ یہی نہیں پچ اور آؤٹ فیلڈ بھی کرکٹ کیلیے حوصلہ افزا نہیں ہے، تصور کریں کہ اس سخت گرمی میں ایئر کنڈیشنز بھی نہیں، ایک کمرے میں تقریباً 20 لوگ اور صرف ایک ہی پنکھا ہے،کھلاڑی زیادہ سہولیات کے مستحق ہیں۔

مصباح الحق نے مزید کہا کہ اگر ہم فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کو بلند کرنا چاہتے ہیں تو سہولیات بھی انٹرنیشنل تقاضوں سے ہم آہنگ ہونی چاہیں تاکہ کھلاڑی ایک اچھے ماحول میں کرکٹ سے لطف اندوز ہوں، یہاں تو ایسا لگتا ہے کہ 7یا 8گھنٹے کی سزا کاٹنے کیلیے آئے ہیں۔

پی سی بی کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال دیکھنے میں نہ آئے۔ انھوں نے کہا کہ ایل سی سی اے گرائونڈز میں لائٹس لگانے کا کوئی فائدہ نہیں،یہی پیسہ ڈریسنگ روم اور گرائونڈ کی حالت بہتر بنانے پر خرچ کیا جاتا تو مناسب ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔