کالا باغ ڈیم پاکستان کی بقا کا ضامن ہوگا، چیف جسٹس

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 ستمبر 2018
خواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں دینے پر خوشی ہوئی،چیف جسٹس	فوٹو: فائل

خواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں دینے پر خوشی ہوئی،چیف جسٹس فوٹو: فائل

 لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پاکستان کی بقا کا ضامن ہوگا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ کوئٹہ میں میرے سامنے پانی کے ایشوز آئے، کوئٹہ میں پانی کا مسئلہ اتنا سنگین ہوسکتا ہے کہ لوگوں کو ہجرت کرنا پڑے، جب میں نے پتہ کرایا تو معلوم ہوا کہ پانی کا مسئلہ تو پورے ملک کا ہے، آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت ہوگی، ماہرین سے پانی کی قلت پر بات کی تو انہوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کا واحد حل ڈیم کی تعمیر ہے، کالا باغ ڈیم پاکستان کی بقا کا ضامن ہوگا، اس سے دستبردار نہیں ہوئے، قوم میں اتفاق ہوا تو کالا باغ ڈیم بھی بنائیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ برسوں میں خشک سالی پاکستان کا مستقبل نہیں بننے دیں گے۔ جب میں نے ڈیم مہم شروع کی تو پتہ ہی نہیں تھا کہ یہ ایک تحریک بن جائے گی جہاں بچے اور بچیاں ڈیم فنڈز کے لیے پیسے جمع کروا رہے ہیں، خواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں دینے پر خوشی ہوئی۔ میری نظر میں سب لوگ ڈیم کے محافظ ہیں اورآپ کو ہی پہرہ دینا ہے تاکہ ڈیم پایا تکمیل تک پہنچ سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔