عمران اور شیخ رشید کے جلسوں سے کونسا سونامی آئیگا، جاوید لطیف

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 16 اگست 2012
مسلم لیگ سب سے مقبول  ہے، الیکشن میں برتری حاصل کریگی، فرنٹ لائن میں گفتگو۔

مسلم لیگ سب سے مقبول ہے، الیکشن میں برتری حاصل کریگی، فرنٹ لائن میں گفتگو۔

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ عمران خان اور شیخ رشید کے مشترکہ جلسوں سے کیا تبدیلی آجائے گی، کون سا سونامی آجائے گا؟۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام فرنٹ لائن میں اینکر پرسن اسد اللہ خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ کل تک عمران خان شیخ رشید کو ساتھ بٹھانے کو بھی تیار نہ تھے اور آج ان کو ساتھ لے کر جلسے کررہے ہیں۔ شیخ رشید ہماری منتیں کرتے رہے لیکن ہم نے انھیں صرف اس لیے نہیں لیا کہ راولپنڈی کے پارٹی ورکر اس پر راضی نہیں ہوئے تھے۔ مسلم لیگ اس وقت عوام میں سب سے زیادہ مقبول پارٹی ہے اور انشاء اللہ الیکشن میں واضح برتری حاصل کرے گی۔

عوام حکومت سے نالاں ہیں کیونکہ حکومت نے عوام کو ڈلیور ہی کچھ نہیں کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے کہاکہ لوڈشیڈنگ اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے عوام کا سب سے سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس کا پیپلزپارٹی کو نقصان بھی ہورہاہے۔ میں اپنی ذاتی رائے دے رہا ہوں کہ دسمبر تک نگران سیٹ اپ آجائے گا اور مارچ میں انتخابا ت ہوجائیں گے۔ن لیگ اور پی ٹی آئی ایکدوسرے کے چوزے چرانے کی پوری کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

اگر یہ دونوں آپس میں نہ ملے تو پھر پیپلزپارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوگی۔ ۔عوام جانتے ہیںکہ عدلیہ کس قسم کا انصاف کررہی ہے؟۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہاکہ شیخ رشید کے جلسے میں عمران خان نے بطور مہمان شرکت کی تھی ۔مشرف کے دور کے سارے نگینے ن لیگ کے پاس ہیں ن لیگ کی بوکھلاہٹ سمجھ آرہی ہے ۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کا کوئی وجود نہیں رہا۔ تحریک انصاف اس مرتبہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی کیوں کہ آئندہ الیکشن میں نوجوان اور وہ خاموش ووٹر بھی حصہ ڈالے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔