حکومت کی خارجہ پالیسی سے پاکستان کو خفت اٹھانا پڑی، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  بدھ 26 ستمبر 2018
بھارت کے ساتھ تعلقات کے شوق میں کہیں کشمیرکا مسئلہ نہ دبا دیا جائے ، سابق وزیرخارجہ فوٹو:سوشل میڈیا

بھارت کے ساتھ تعلقات کے شوق میں کہیں کشمیرکا مسئلہ نہ دبا دیا جائے ، سابق وزیرخارجہ فوٹو:سوشل میڈیا

 اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت کی اب تک کی خارجہ پالیسی سے پاکستان کو خفت اٹھانا پڑی ہے

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ ایک ماہ میں جوکارکردگی خارجہ پالیسی کے محاذ پررہی، اِس میں پاکستان کوخفت اٹھانا پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کے شوق میں کہیں کشمیرکا مسئلہ نہ دبا دیا جائے، جس پرتحریک انصاف کے رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ خواجہ آصف کو اپوزیشن میں آتے ہی خارجہ پالیسی یاد آگئی، ان کے دورِحکومت میں خارجہ پالیسی ایوان میں نہیں آتی تھی۔

بی این پی کے سربراہ سرداراخترمینگل نے بھی اظہارخیال کے دوران خوب گلے شکوے کیے اورکہا کہ ہماری خارجہ، اقتصادی اورداخلی پالیسیاں خود مختار نہیں رہیں اوراب ہماری پالیسیاں ہمارے کشکول پرمنحصر ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پانی کا مسئلہ شدت اختیارکرگیا ہے، اس حوالے سے ہنگامی اقدامات کرنا پڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔