دوا کے سائیڈ ایفیکٹس نے سر پر دوبارہ بال اگادیئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
امریکا میں ایلوپیشیا کی شکار ایک مریضہ کو جب ایکزیما کی دوا دی گئی تو اس کے سر کے بال اگنے لگے (فوٹو: بشکریہ سائنس الرٹ)

امریکا میں ایلوپیشیا کی شکار ایک مریضہ کو جب ایکزیما کی دوا دی گئی تو اس کے سر کے بال اگنے لگے (فوٹو: بشکریہ سائنس الرٹ)

بوسٹن: حال ہی میں طبی سائنس کا ایک اور دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے کہ دائمی گنج پن کی ایک قسم ’ایلوپیشیا‘ میں مبتلا ایک نوعمر لڑکی کے بال اس وقت فوری طور پر اگ آئے جب اس نے ایک جلدی بیماری ایکزیما (eczema) کی دوا کھانا شروع کردی۔

جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جاما) میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ لڑکی ایک طویل عرصے سے ایلوپیشیا ٹوٹالس کا شکار تھی جس میں سر کے تمام بال جھڑ جاتے ہیں اور صرف چکنی جلد ہی باقی رہ جاتی ہے۔ تاہم ایکزیما کی ایک دوا نے حیرت انگیز ضمنی اثر(سائیڈ ایفیکٹ) دکھایا اور تیزی سے اس کے سر پر بال اگنے لگے۔

واضح رہے کہ ایلوپیشیا ایک لاعلاج مرض ہے جسے ’’آٹو امیون‘‘ بیماریوں میں شمار کیا جاتا ہے جس میں بدن کا دفاعی نظام ازخود بیدار ہوجاتا ہے اور کئی بیماریوں کی وجہ بنتا ہے لیکن ایکزیما کی ایک دوا سے دوبارہ بالوں کی افزائش سے خود ماہرین بھی حیران رہ گئے ہیں۔

ماہرین اب بھی پریقین نہیں کہ عین یہی طریقہ ایلوپیشیا ٹوٹالس کے دیگر مریضوں کو بھی فائدہ دے سکتا ہے لیکن قابلِ عمل ہونے کی صورت میں اس سے گنج پن میں مبتلا لاتعداد مریضوں کو افاقہ ہوسکتا ہے۔

میساچیوسیٹس جنرل ہاسپٹل (ایم جی ایچ) کی ڈاکٹر ماریانہ میکریڈیس نے کہا کہ اس لڑکی کے سر پر دوسال کی عمر کے بعد سے بال نہیں اگے تھے لیکن اب بالوں کی دوبارہ افزائش سے ہم بہت حیران ہیں کیوں کہ اس مرض کے علاج میں دیگر طریقے بھی لڑکی کو فائدہ نہیں دے سکے تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ ایکزیما کی دوا ڈیوپی لیومیب کی جانب سے ایلوپیشیا کی شکار کسی مریض میں دوبارہ بالوں کی افزائش کا پہلا واقعہ ہے لیکن طبی تاریخ اتفاقی اور حادثاتی طور پر دریافت ہونے والی دواؤں سے بھری پڑی ہے جن میں ویلیم سے لے کر ویاگرا تک شامل ہیں۔ شاید یہ دوا بھی آگے چل کر گنج پن کے دوسرے مریضوں کےلیے امید کی کرن پیدا کرسکے۔

اب اس ضمن میں ڈیوپی لیومیب سامنے آئی ہے جسے حال ہی میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ایکزیما کے مریضوں کےلیے منظور کیا ہے۔ یہ ہلکے درجے سے لے کر درمیانے درجے کے ایکزیما تک مریض کا علاج کرسکتی ہے جسے ’ایٹوپک ڈرماٹائٹس‘ کہتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ مرض بھی آٹوامیون امراض میں شامل ہے جس میں جلد پر شدید خارش والے سرخ نشانات پڑ جاتے ہیں۔

پہلے چھ ہفتے میں 13 سالہ لڑکی کو دوا کے ٹیکے لگائے گئے اور ایکزیما درست ہونے لگا لیکن ساتھ ہی سر پر بال بھی اگنے لگے۔ گیارہ ہفتوں کے بعد سر پر بالوں کی تعداد غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔