پشاور میں لاپتہ ایس پی رورل طاہر داوڑ افغانستان میں قتل؟

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 14 نومبر 2018
27 اکتوبر سے سو نہیں سکے، بھائی کے تاثرات، داوڑ اسلام آباد سے 2 ہفتے قبل لاپتہ ہوئے۔ فوٹو: فائل

27 اکتوبر سے سو نہیں سکے، بھائی کے تاثرات، داوڑ اسلام آباد سے 2 ہفتے قبل لاپتہ ہوئے۔ فوٹو: فائل

پشاور: اسلام آباد سے تقریباً دو ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے ایس پی رورل پشاور طاہر داوڑ کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ انھیں مبینہ طور پر افغانستان میں قتل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے ایس پی رورل پشاور طاہر داوڑ کی لاش کی مبینہ طور پر تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں تاہم سرکاری طور پر  قتل کی تصدیق نہیں کی جاسکی۔

ایس پی رورل طاہر داوڑگذشتہ ماہ 27 اکتوبر کو اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود میں ایئر پورٹ جاتے ہوئے لاپتہ ہو ئے تھے جس کے بعد ان کی بازیابی کے لئے خیبر پختونخوا اوراسلام آباد پولیس کی مشترکہ ٹیمیں بنائی گئیں تاہم ان کی بازیابی میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔

خیبر پختونخوا پولیس کے آئی جی صلاح الدین محسود نے سوشل میڈیا کی خبر کی تصدیق نہیںکی۔ رابطہ پر طاہر داوڑ کے اہل خانہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ انہیں بھی سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا کے مطابق خبر یں آنے کے بعد ہم افغان سیکیورٹی حکام سے رابطے میں ہیں۔ جب تک ایس پی طاہر داوڑ کی میت موصول نہیں ہوتی ہم تصدیق نہیں کر سکتے کہ انکو قتل کیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔