بالی ووڈ کے کنوارے اسٹارز

محمد جاوید یوسف  پير 1 جولائی 2013
بالی وڈ کی جگمگاتی اور گلیمر سے بھرپور دنیا کے اسٹارز کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ کی جگمگاتی اور گلیمر سے بھرپور دنیا کے اسٹارز کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

 بالی ووڈ کی جگمگاتی اور گلیمر سے بھرپور دنیا کے اسٹارز کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔

شہرت، دولت اور مقبولیت کے ساتویں آسمان پر رہنے والے ان ستاروں کی چمک دمک نہ صرف پرستاروں بلکہ بالی ووڈ میں بھی اس وقت تک چڑھی رہتی ہے جب تک یہ اسٹارز ’سنگل‘ رہتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ کے بہت سے میگا اسٹارز اتنی عمر ہونے کے باوجود ابھی تک ’کنوارے‘ ہیں۔ان کنواروں میں سے چند ایسے اسٹارز کا یہاں ذکر کر رہے ہیں جو موسٹ فیورٹ کنواروں کی فہرست میں آتے ہیں جن کی شادی کا میڈیا اور پرستاروں کو بے چینی سے انتظار ہے مگر آفرین ہے ان اسٹارز پر کہ وہ بھی ٹس سے مس نہیں ہو رہے اور اسٹاررزم سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔

سلمان خان : بالی ووڈ کا سب سے پسندیدہ کنوارہ

سلمان خان کو بالی ووڈ کا سب سے زیادہ ’پسندیدہ‘ کنوارہ کہا جاتا ہے۔ سو کروڑ روپے کمانے والی فلمی کلب میں شامل ہونے والی اوپر تلے میگا ہٹس دینے والے ’سلو بھائی‘ اس وقت بالی وڈ کے سب سے زیادہ امیر اداکار ہیں۔ سلمان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ 13برانڈز متعارف کرا چکے ہیں جبکہ ہر گزرتا دن ان کی شہرت اور دولت میں اضافہ ہی کرتا جا رہا ہے۔ان کی زندگی میں بھی بڑے نشیب و فراز آئے۔کیریئر کا آغاز دھماکے دار تو نہ ہوا ، ’’میں نے پیار کیا‘‘ نے بالی وڈ میں انٹری تو دے دی اس کے بعد ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘، ’’ساجن‘‘ اور ’’جیت ‘‘ جیسی سپرہٹ فلموں کاحصہ بنے مگران سب میں سائیڈ ہیرو کے طور پر آئے۔ زیادہ شہرت سلومی علی، ایشوریا رائے اور کترینہ کیف سمیت دیگر اداکاراؤں کے ساتھ اسیکنڈلز سے حاصل کی، مگر اب وہ باکس آفس کے ’’دبنگ اسٹار‘‘ کی طرح چھائے ہوئے ہیں ۔

رنبیر کپور: بالی ووڈ کا سویٹ بوائے

کپور خاندان کا ’سویٹ بوائے‘ رنبیر کپور آج کل بالی وڈ پر راج کررہا ہے۔ کروڑوں دلوں کی دھڑکن رنبیر ’’سانوریا‘‘ کے ذریعے پردہ اسکرین پر آئے۔ پھر ’’بچنا اے حسینوں‘‘ سے شہرت کا سفر شروع کیا۔ ’برفی‘ اور یہ’جوانی ہے دیوانی‘ نے تو اگلے پچھلے تمام ریکارڈ ہی توڑ ڈالے۔ آج اس کا نتیجہ یہ ہے کہ رنبیر پر دولت بارش کی طرح برس رہی ہے اور وہ لڑکیوں کے موسٹ وانٹڈ بوائے بن چکے ہیں۔ حالانکہ ان کا افیئر دیپکا پڈوکون کے ساتھ شروع ہوا۔ اس کے بارے میں یہ کہا جانے لگا تھا کہ یہ جلد ایک ہو جائیں گے مگر پھر ان کے درمیان کترینہ کیف آگئیں اور ابھی تک رنبیر ان کے ساتھ ہی دیکھے جارہے ہیں۔ فی الحال یہ ’’سویٹ بوائے‘‘آزاد فضاؤں میں گھوم رہا ہے اور ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لڑکیوں کی نیندیں اڑائے ہوئے ہے۔

مقبولیت اور پیسے کی دوڑ میں شامل۔۔دپیکا پڈکون

مقبولیت اور پیسے کی اس دوڑ میں بالی ووڈ کی ہیروئنز بھی پیچھے نہیں۔ ’اوم شانتی اوم‘ جیسی میگا ہٹ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی دپیکا پڈکون کے بوائے فرینڈز تو بہت سے رہے لیکن کوئی ’پیا‘ نہیں بن پایا۔ اس نے رنبیر کپور کو حقیقی معنوں میں چاہا جس کا ثبوت بازو پر اس کے نام کا ٹیٹو بنوانا ہے۔ اس کی جدائی کا صدمہ آج بھی نہیں بھلا سکی۔ اس کا ایک عملی مظاہرہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘ میں دونوں کے رومانٹک سین سے لگایا جاسکتا ہے۔ دپیکا کی ایڈ ورلڈ میں بھی اتنی ہی ڈیمانڈ ہے جتنی بالی ووڈ میں۔ دپیکا7مشہور زمانہ برانڈز متعارف کرا چکی ہیں جبکہ بہت سے بڑے بینرز کی فلمیں بھی ان کی ’جیب‘ میں ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ بالی وڈ کی یہ مقبول گرل کس کو اپنا جیون ساتھی چنتی ہے۔

پریانکا چوپڑہ : بالی ووڈ میں خاص مقام کی حامل

سابق مس ورلڈ اور بالی ووڈ کی ورسٹائل ایکٹریس پریانکا چوپڑہ بالی ووڈ میں اپنی خاص جگہ بنانے میں بھی کامیاب ہیں۔ ماڈلنگ کی دنیا میں 11برانڈز متعارف کرنے والی پریانکا بہت امیر اور مقبول ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ’سنگل ‘ بھی ہیں۔ اس چارمنگ گرل کے بھی دوستی کے چرچے سنے جاتے رہے ۔پہلے ان کا نام اکشے کمار کے ساتھ لیا جاتا رہا ، پھر ایک نئے اسٹار ہرمن باویجہ کے ساتھ جسے ابھی اپنے قدم جمانے کی ضرورت تھی۔وہ بھی شاید اپنی قسمت پر نازاں تھا کہ کیریئر کے آغاز میں ہی اس کی دوستی سپراسٹار اداکارہ سے ہوگئی جو کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے۔ ہرمن باویجہ بالی وڈ کا حصہ تو نہ بن سکا بہرحال ’’جنگلی بلی‘‘ کا نام شاہد کپور کے ساتھ لیاجانے لگا جن کا ٹاکرا فلم ’’کمینے‘‘ کے ذریعے ہوا ۔اس کی ابھی خبریں زیرگردش ہی تھیں کہ اچانک بالی وڈ میں اس وقت بھونچال آگیا جب کنگ خان کی اہلیہ گوری خان نے ان کے پریانکا کے ساتھ تعلقات کا بھانڈا پھوڑ دیا جس پر یہ سویٹی گرل ایک بار پھر اکیلی رہ گئی ہے ۔

بھاری بھرکم بینک بیلنس والی پریٹی زنٹا

بھولے بھالے چہرے اور مسکراہٹ والی پریتی زنٹا کا شمار بھی بالی ووڈ کی امیر اور مشہور اداکاراوں میں ہوتا ہے۔ آئی پی ایل میں شامل ان کی ٹیم نے پریتی کا بینک بیلنس بھی خاصا بھاری بھرکم کردیاہے اور وہ بھی اب تک سنگل ہی لائف انجوائے کر رہی ہیں۔پریتی زنٹا اس وقت بالی وڈ کی سپراسٹار لسٹ میں تو نہیں ہیں مگر اس کے چاہنے والوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے ۔ وہ آج بھی اس کی ایک ایک ادا کے دیوانے ہیں ۔

سونم کپور: دنیا کے مہنگے برانڈز کی ایمبیسڈر

فیشن اور گلیمر کے حوالے سے اپنی الگ شناخت بنانے والی سونم کپور دنیا کے بہترین اور مہنگے برانڈز کی ایمبیسڈر ہیں۔ چھوٹی سی عمر میں بہت سا نام اور پیسہ کمانے والی سونم کپور کے لئے بہت سے آسمان سر کرنا ابھی باقی ہیں۔ سونم سے شادی کے خواہشمندوں کی تو لائن لگی ہے لیکن سونم نے انہیں فی الحال ہری جھنڈی دکھائی ہوئی ہے۔دوسرا سونم کپور کا کسی ساتھی اداکار کے ساتھ افیئر نہ ہونے کی ایک وجہ شاید ان کے والد انیل کپور بھی ہیں جو ہر وقت ان کے ساتھ سائے کی طرح رہتے ہیں ۔

آدیتیہ رائے کپور: نئے ہارٹ تھروب

بالی ووڈ کے نئے ’ہارٹ تھروب‘ بن کر ابھرے ہیں ڈیشنگ اینڈ ہینڈسم ادیتیہ رائے کپور۔ فلم ’عاشقی 2‘ سے راتوں رات اسٹار کا درجہ پانے والے ادیتیہ رائے کپور نہ صرف دولت مند ہیں بلکہ بہت سی لڑکیوں کے خوابوں کے شہزادے بھی ہیں۔ادیتیہ آج کل ’عاشقی 2‘ کی کواسٹار شردھا کپور کے ساتھ دیکھے جا رہے ہیں۔آدیتہ رائے کپور اس سے قبل اکشے کمار ، ایشوریا رائے اور ہرتیک روشن جیسے سپرسٹارز کے ساتھ معاون اداکار کے طور پر کام کرچکے ہیں ۔

شاہد کپور

فلم ’جب وی میٹ‘ کی بے مثال کامیابی کے بعد شاہد کپور پر بھی شہرت اور دولت کی دیوی مہربان ہوئی اور وہ بھی بالی ووڈ کے سب سے زیادہ چاہنے والے اسٹار میں شامل ہوگئے ہیں ۔ شاہد کپور بھی کچھ دل پھینک واقع ہوئے ہیں۔ شروع میں ہی کرینہ کپور جیسی اسٹار کے دل کی دھڑکن بن گئے، جس نے اپنے اس تعلق کو بالکل نہیں چھپایا ، مگر شاہد کپور شامل ہوگئے بالی وڈ کے سب سے زیادہ چاہنے جانے والے اسٹارز میں۔ بہت سی دولت اور مقبولیت کے حامل شاہد کپور اب بھی کنوارے ہیں۔

جان ابراہیم

فلم ’’جسم ‘‘ کے ذریعے اپنی مردانہ وجاہت کا وہ جادو جگایا کہ راتوں رات ہارٹ سپراسٹار بن گئے کہ عام پرستار توایک طرف ببا شا باسو اپنے فرینڈ ڈینوموریا کو چھوڑ کر اس کی ہوکر رہ گئی ۔جان ابراہیم نے بھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور دولت ، شہر ت سب کچھ حاصل کی اور اب پروڈکشن کی طرف بھی آگئے ہیں مگر بباشاباسو سے علیحدگی اختیار کرکے اکیلے رہ گئے ہیں ۔ سنا جارہا ہے کہ انہوں نے اپنا کوئی نیا ساتھی ڈھونڈ لیا ہے جسے فی الحال میڈیا سے چھپار ہے ہیں۔

ان کے علاوہ دیامرزا، رانی مکھرجی ، سمیرا ریڈی، نیہا دھوپیا، ملکہ شیراوت ، ارمیلا سمیت اور بہت سے اسٹارز ’’سنگل‘‘ ہی ہیں اور مستقبل میں بھی فی الحال شادی کے بندھن میں بندھنے کا دور تک کوئی امکان نظر نہیں آرہا ، حالانکہ ان کا کیریئر بھی اب ایسا نہیں کہ جس میں فلموں کی لائن لگی ہوئی ہے ۔ یہ موسٹ فیورٹ کنواروں میں تو نہیں آتے مگر پھربھی بالی وڈ فنکاروں کی لسٹ میں شامل ہیں جنہیں چاہنے والے زیادہ تو نہیں کچھ نہ کچھ تو موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔