وزیراعظم نوازشریف کا چین پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2013
وزیراعظم چینی سرمایہ کاروں کو کراچی سے پشاور تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلانےاورانڈورگراؤنڈ میٹرو سسٹم بنانےکی بھی دعوت دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

وزیراعظم چینی سرمایہ کاروں کو کراچی سے پشاور تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلانےاورانڈورگراؤنڈ میٹرو سسٹم بنانےکی بھی دعوت دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

بیجنگ: وزیراعظم نوازشریف 5 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے جہاں ان کا شانداراستقبال کیا گیا۔

وزیراعظم نوازشریف اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی خصوصی دعوت پر 5 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، چینی مسلح دستے نے وزیراعظم نوازشریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا اوردونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیراعظم نوازشریف اپنے دورے کے دوران چین کو سول نیوکلیئرمعاہدے پرآمادہ کرنے کی کوشش کریں گے، وہ چینی سرمایہ کاروں کوکوئلے اورشمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پربھی قائل کریں گے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف چینی سرمایہ کاروں کو کراچی سے پشاور تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے اورانڈورگراؤنڈ میٹرو سسٹم بنانےکی بھی دعوت دیں گے۔ نوازشریف کی چینی قیادت سے ملاقاتوں میں اقتصادی تعاون، پاک چین تجارت کے فروغ، توانائی بحران، اسٹریٹیجک، اورانفرااسٹرکچرسمیت مختلف شعبوں میں تعاون پرتفصیلی بات چیت ہوگی اورعلاقائی اورعالمی امور بھی زیربحث آئیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف چین میں اپنے 5 روزہ قیام کے دوران مالیاتی اداروں کے سربراہوں، تاجروں اورسرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ مختلف اقتصادی زونزکا دورہ بھی کریں گے، وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران مختلف معاہدوں پردستخط ہونے کاامکان ہے، وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف،  وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال اور دیگر حکام بھی چین گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی تھی، پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 12 ارب ڈالرز ہے جبکہ چین نے پاکستان میں 2 ارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔