خیبر پختونخوا اسمبلی کے اکثریتی ارکان کروڑ پتی نکلے

احتشام بشیر  پير 28 جنوری 2019
27 ارکان اسمبلی زراعت، 24 تجارت، 4 قانون اور ایک طب کے شعبے سے وابستہ ہیں

27 ارکان اسمبلی زراعت، 24 تجارت، 4 قانون اور ایک طب کے شعبے سے وابستہ ہیں

پشاور:  خیبر پختونخوا اسمبلی میں اکثریتی ارکان کروڑ پتی اور صرف 2 ارکان ارب پتی درجے میں آتے ہیں جبکہ اکثریتی ارکان بیچلر ڈگری تک تعلیم حاصل کر سکے۔

ڈاکٹر، انجینئر اور وکیل بھی ارکان اسمبلی میں شامل ہیں، خیبر پختونخوا اسمبلی کی اکثریت پڑھی لکھی ہے، بی اے کرنے والے ارکان 33 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، ماسٹر کرنے والوں میں 19 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے والوں میں 13 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، اسی طرح ایف اے کی تعلیم حاصل کرنے والوں میں 8 مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔

ایم بی بی ایس کرنے والوں میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں جبکہ 2 ارکان اسمبلی نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے، 3 ارکان اسمبلی نے دینی مدرسے سے تعلیم حاصل کی اور 7 مرد ارکان اور 5 خواتین ارکان اسمبلی میٹرک ہیں، دستاویزات کے مطابق 20 مرد اور 8 خواتین ارکان اسمبلی نے اپنی وابستگی مکمل سیاست بتایا ہے،27 ارکان اسمبلی زراعت، 24 ارکان تجارت، 4 ارکان قانون اور ایک طب کے شعبے سے وابستہ ہیں جبکہ خواتین ارکان نے خود کو گھریلو خواتین ظاہر کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔